کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوامی مسائل سے آگاہی ہے ، محب اللہ
پشاور (سٹاف رپورٹر)صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت ، لائیو سٹاک و امداد باہمی محب اللہ خان نے اپنے حلقہ نیابت شور میں کھلی کچہری کے موقع پر لوگوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی ، کھلی کچہری میں اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور عوام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے اپنے نمائندہ سے رابطہ ممکن ہو سکا- کھلی کچہری میں محکمہ زراعت ، لائیو سٹاک سمیت دیگرسرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والے آفیسرز اور انتظامیہ کے حکام نے شرکت کی- اس موقع پر لوگوں نے انفرادی اوراجتماعی مسائل کے حوالے سے انبار لگا دئیے اور مسائل کے حوالے سے محب اللہ خان کو آگاہ کرتے ہوئے کھل کر اظہار خیال کیا ۔محب اللہ خان نے زیادہ تر مسائل کے حل کیلئے موقع پر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے اور ہدایت کی کہ حکام عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام ترا قدامات اُٹھائیں اس موقع پر محب اللہ خان نے کھلی کچہری میں موجود لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے نہ صرف آگاہی حاصل کرنا ہے بلکہ مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اُٹھانا بھی مقصد ہے اور لوگوں سے ملاقات کاموقع بھی میسر آنا ہے انہوں نے کہا کہ عوام اور حکمرانوں کے درمیان فاصلے ختم ہو چکے ہیں اور اس طرح کی کھلی کچہریوں میں یہ بات عملی طور پر ثابت کرنا ہے کہ عوام اور حکمرانوں کے درمیان اب کوئی فاصلے اور رکاوٹ حائل نہیں انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکومتوں اور موجودہ حکومت کے کھلی کچہریوں میں واضح فرق ہے ماضی میں اس طرح کے کھلی کچہریوں کا مقصد صرف سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور خانہ پری تھی جبکہ موجودہ کھلی کچہریوں کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے واضح احکامات ہے کہ ہر ایک صوبائی حلقہ میں یو سی کی سطح پر کھلی کچہری منعقد کرکے لوگوں کے ساتھ رابطہ قائم کرکے مسائل سے آگاہی حاصل کی جائے تاکہ لوگوں کے مسائل بروقت حل ہو سکے انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا اور لوگوں کو حکمرانوں کے سامنے اپنا مسئلہ کھل کر بیان کرنے کا یہ طریقہ کار بدستور جاری رہے گا تاکہ لوگوں کے مسائل حکمرانوں تک پہنچ کر بطریق احسن حل ہو سکے ۔