حکومت معیاری تعلیم کے حصول پربھر پور توجہ دے رہی ہے ، شکیل ایڈووکیٹ

حکومت معیاری تعلیم کے حصول پربھر پور توجہ دے رہی ہے ، شکیل ایڈووکیٹ

پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر مال شکیل احمد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے حصول پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ، پی ٹی آئی حکومت دیگر شعبوں کی طرح جدید علوم سے نوجوان نسل کو آراستہ کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل سے استفادہ کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے شہید عبدالماجد کے نام سے گورنمنٹ ڈگری کالج بٹ خیلہ کو منسوب کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ واضح رہے کہ شہید عبدالماجد کو باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں نے تقریباتین سال پہلے شہید کیا تھا ۔ شہید عبدالماجد کے نام سے منعقدہ تقریب سے کالج کے پرنسپل عبداللطیف خان ، سابق صوبائی وزیر شاہرازخان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ شکیل خان نے کہا کہ پاکستان میں قیام امن کے لئے سکیورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی خون کے نذرانے پیش کرکے امن قائم کیا اور آج ان شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہم سکھ کا سانس لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین نہیں ہوتا انہو ں نے ہمارا بچوں کو بھی نہیں بخشا لیکن وہ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل میں ناکام رہے اور ہمارے حوصلوں اور عزائم کو شکست نہ دے سکے ۔انہو ں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی پڑھائی پر پوری توجہ دیں اور مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لئے اپنے آپ کو تیار کریں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر