کوہاٹ‘ پولیس کی کارروائی‘ بھتہ خور اسلحہ سمیت گرفتار

کوہاٹ‘ پولیس کی کارروائی‘ بھتہ خور اسلحہ سمیت گرفتار

کوہاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ چھاؤنی پولیس نے اہم کاروائی کے دوران بھتہ خور کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔زیر حراست ملزم دھمکی آمیز فون کالز کے ذریعے لوگوں سے بھتہ وصول کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ چھاؤنی مین مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ چھاؤنی قسمت خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ ہنگو روڈ کے علاقہ ژواکی بانڈہ میں اچانک چھاپہ مارا جہاں گھر میں چھپے مبینہ بھتہ خور جمشید خان ولد الف خان کو مزاحمت کے بعد اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ۔پولیس نے زیر حراست بھتہ خور کے قبضے سے ایک کلاشنکوف،ایک پستول اور درجنوں کارتوس برآمد کرکے انہیں فوری طور پر تھانہ چھاؤنی منتقل کردیا جہاں اسکے خلاف بھتہ خوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم قبل ازیں کئی شہریوں سے دھمکی آمیز فون کالز کے ذریعے بھتہ وصولی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے جبکہ اسکے خلاف کپڑے کے ایک تاجر سے دس لاکھ روپے بھتہ مانگنے کا ایک اور مقدمہ بھی تھانہ چھاؤنی میں پہلے سے درج ہے ۔گرفتار ملزم اسلحہ کی نوک پر بھی لوگوں سے بھتہ مانگنے کا ارتکاب جرم کرچکا ہے اور بھتہ نہ دینے پر فون کالز کے ذریعے لوگوں کو جان سے مار دینے کی دھمکیوں کی وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے ۔پولیس نے زیر حراست بھتہ خور جمشید کو مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہیں اور دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی بھی توقع کی جارہی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر