3700ملین روپے کی لاگت سے بلوچستان عوامی انڈوومنٹ فنڈ کی منظوری

3700ملین روپے کی لاگت سے بلوچستان عوامی انڈوومنٹ فنڈ کی منظوری

کوئٹہ (این این آئی)حکومت بلوچستان نے صوبے کے غریب و نادار افراد کی امداد کے لئے 3700ملین روپے کی لاگت سے بلوچستان عوامی انڈوومنٹ فنڈ شروع کرنے کی منظور ی دے دی ، منصوبے کے پہلے مرحلے میں غریب مریضوں کی امداد کی جائیگی منصوبے کی نگرانی محکمہ سماجی بہبود کریگا، تفصیلات کے مطابق صوبائی کابینہ نے صوبے سے غربت اور پسماندگی کے خاتمے کے لئے3اعشاریہ 7ارب روپے کے بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے قیام اور اسے پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی منظور دے دی ہے منصوبے کے تحت غریب و نادار افراد کی مالی امداد کی جائیگی اس حوالے سے پی سی ون بھی تیار کرلیاگیا ہے جبکہ پی ڈی ڈبلیو پی کی جانب سے بھی منظور ی دے دی گئی ہے ، منصوبے کے پہلے مرحلے میں 7مہلک بیماریوں کے شکار غریب افراد کو ملک بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں علاج معالجے میں مدد فراہم کی جائیگی ،وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال نے منصوبے کو اگلے مرحلے میں مائیکرو فنانس اور دیگر شعبوں میں وسعت دینے کی ہدایت کی ہے تا کہ صوبے میں لوگوں کو خود کفیل بنا کر غربت کے خاتمے کو ممکن بنا سکے ،وزیراعلیٰ بلوچستان نے منصوبے میں میرٹ کو یقینی بنانے اور رقم کی تقسیم کے حوالے سے شفاف طریقہ کار بنانے کی بھی ہدایت کی ہے اور محکمہ سماجی بہبود کو اس منصوبے کی نگرانی کرنے کے بھی احکامات جاری کئے ہیں ۔

مزید : صفحہ آخر