شادمان اتوار بازار میں ناقص اشیاء ، مشیروزیراعلیٰ برہم ، سٹال ہولڈرز کو سرزنش

شادمان اتوار بازار میں ناقص اشیاء ، مشیروزیراعلیٰ برہم ، سٹال ہولڈرز کو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(اپنے نمائندے سے)مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاسی امور محمد اکرم چوہدری نے شادمان اتوار بازار کا اچانک دورہ کیا،پھلوں، سبزیوں، دالوں، گوشت کی قیمتوں اور معیار کو چیک کیا۔ انہوں نے اتوار بازار میں صارفین کے لیے صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور پہلے سے بہتر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ محمد اکرم چوہدری نے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا،غیر معیاری پھل اور سبزیاں فروخت کرنے پر دوکانداروں کی سرزنش کی۔ اکرم چوہدری نے غیر معیاری مچھلی فروخت کرنے پر سٹال مالک کی سرزنش کی اور خراب مال ہٹوا دیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی قیمتیں اسوقت ریکارڈ حد تک کم ہیں اور صارفین کو اس سے کم قیمت پر سبزیاں شاید پہلے میسر نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اس حد تک کمی شاید کاشتکار کے لیے منافع بخش نہیں اور اس کی وجہ مڈل مین ہے۔ مڈل مین کی وجہ سے کاشتکار کو اسکا جائز حق نہیں مل رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کاشتکاروں کے حقوق کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ محمد اکرم چوہدری نے کہا کہ بڑے سٹور مالکان سے ملکر تمام اتوار بازاروں میں کریانے کے سٹال لگوانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے ۔ انہوں نے رجسٹر شکایات کا بھی معائنہ کیا اور وہاں درج شکایات کی نوعیت اور ان کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں دریافت کیا۔دریں اثناء دریں اثناء روزنامہ پاکستان کے شادمان اتوار بازار کے سروے کے دوران ایک خاتون صارف نیلو فر نے بتایا کہ ہر چیز مہنگی ہے پیاز، ٹماٹر ،آلو، لیموں،کھیرا سب کے ریٹس آسمان سے باتیں کر رہے ہیں میرا خیال ہے کہ اس اتوار بازار کا نام لوٹ بازار کا نام ہو نا چاہئے ، جو سبز رنگ کا سیب 50سے60روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔ ابرار نے بتایا کہا اتوار بازار سے سستی چیز تو گھر کے پاس کسی ٹھیلے سے بھی مل سکتی ہے یہاں آکر غلطی کی ۔ خرم نے بتایا کہ یہاں پر جو واک تھرو گیٹس نصب کیا گیا کہ وہ خراب ہے ۔اتوار بازار میں آلو18، پیاز 27، لہسن چائنہ 130، لیموں 60، لہسن دیسی 90، چقندر 60، ادرک 190، سبز مرچ 70، سبز دھنیا 50، پودینہ 15، سبز پیاز 40روپے پاؤ، مولی 15، گاجر 18سبز دھنیا 30، پودینہ 10گٹھی ،شلجم 40، میتھی 32، کریلے 80 روپے ، لال مولی 35، سفید سیب 60روپے، سیب کالا کوہلو 140روپے، انار قندھاری 160، گرے فروٹ 40، مسمی 100روپے درجن، انگور سندر خانی 140، انگور ٹافی 160روپے، کیلا اول 60روپے کے حساب سے فروخت ہوا۔