اولیاء کرام کی تعلیمات انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں،سید سعید الحسن

اولیاء کرام کی تعلیمات انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں،سید سعید الحسن

لاہور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیراوقاف سیدسعیدالحسن نے کہا ہے کہ اولیاء کرام کی تعلیمات انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں برصغیر پاک وہند میں اسلام تلوار سے نہیں بلکہ اولیاء کرام کی تعلیمات سے پھیلا ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ اولیاء کرام کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، اولیا ء اللہ نے انسانیت سے محبت اور مذمت کے ذریعے برصغیر میں اسلام پھیلایاآج بھی اولیاء کرام کا فیض جاری ہے۔سیدسعیدالحسن نے کہا کہ اولیا ء کرام نے اللہ تبارک تعالیٰ اور نبی کریمﷺ کی محبت کا پیغام عام کیا جس پر عمل کرکے ہم دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں۔ اولیا ء و صوفیاء نے بھوک، جبر، افلاس اور تنگدستی جیسی صعوبتیں جھیل کر بھی اپنے اخلاق و کردار سے چٹائی پہ بیٹھ کر انقلاب پیدا کیا وہ گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکررہے تھے ،سیدسعیدالحسن نے کہا کہ اولیاء کرام کی سیرت و صورت اور اخلاق و کردار نے بت پرستوں کو خدا پرست بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم بھی ان جیسا کردار اپنائیں۔سیدسعیدالحسن نے کہاکہ کوئی حقیقت پسند مصنف و تاریخ دان اشاعت و تبلیغ دین کے لئے اولیائے امت کے کردار کو فراموش نہیں کر سکتا، اور ہر دور،ہر زمانہ اور تاریخ ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے ہم اولیا ئے کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو ں۔ سیدسعیدالحسن نے کہا اسلام امن، آشتی، محبت و یگانگت کا دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک صوفیوں کے طرز عمل کو اپنانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ ہمارے ملک میں ہزاروں کی تعداد میں اولیاء کرام و بزرگان دین کے مزارات ہیں، جن کے فیض سے یہ ملک ایک ترقی یافتہ ملک بن رہا ہے، جب کہ ان بزرگوں کی تعلیمات پر عمل کرکے ہر شخص ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔صوبائی وزیراوقاف سیدسعیدالحسن نے کہا کہ ہمارے ملک کی حقیقی ترقی ان بزرگان دین کی تعلیم اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے میں مضمر ہے۔ ان بزرگوں نے انسانوں کو اللہ سے قریب کرنے کا کام انجام دیا، جب کہ ان کی تعلیم یہ تھی کہ کوئی شخص کسی انسان کو دکھ پہنچاکر اپنے اللہ کو راضی نہیں کرسکتا اور جو شخص کسی انسان کو تکلیف دے گا، اللہ اسے اسی دنیا میں سزا دے گا۔

اولیاء

مزید : میٹروپولیٹن 1