گیس کی قلت سے معمولات زندگی متاثر ، وزیراعظم مسائل سے نجات دلائیں ، عوامی مطالبہ
لاہور(افضل افتخار ) صوبائی دارالحکومت میں سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی گیس کی قلت ، حکومتی دعوؤں کے باوجود کوئی بہتری سامنے نہیں آئی ،شہری بازاروں سے کھانے کھا کھا کر تنگ آگئے ، عوام کی بڑی تعداد نے تبدیلی کے دعوؤں کو جھوٹا قرار دیا ۔ روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے اقرار ، نواز حسین،سرفراز،شاہین اور حامد نے کہا کہ ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ، گیس کی قلت کی وجہ سے بچے بھی سکول ناشتہ کئے بغیر جارہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں گیس ایک بنیادی ضرورت ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے از خود نوٹس کے باوجود اب تک اس کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی، امین،شرجیل، نبیل اور حارث کا کہنا ہے کہ تمام حکومتو نے غریبوں کا ہی استحصال کیا ہے، گیس کی قلت کو دور کیا جائے، زاہد، پرویز، عادل، سجیل نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے گیس کے بل میں اضافہ کردیا گیا ہے اور مختلف قسم کے ٹیکسز بھی عائد کردئیے گئے مگر ان کو گیس ہی نہیں مل رہی اور عوام اگر احتجاج نہ کریں تو پھر کیا کریں ہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس جانب بھرپور توجہ دیں ۔
