سانحہ ساہیوال افسوسناک تحقیقات جاری ہیں ،18ویں ترمیم کیخلاف نہیں ،کراچی کیلئے بڑا پیکج لارہے ہیں ،اسد قیصر

سانحہ ساہیوال افسوسناک تحقیقات جاری ہیں ،18ویں ترمیم کیخلاف نہیں ،کراچی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(این این آئی،آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہاہے کہ ہم اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں ہیں پہلی بار کراچی کے لئے بڑا پیکیج جلد آرہا ہے،کراچی کے لیے ٹرانسپورٹ کا پروجیکٹ شروع کرنے والے ہیں،پی ٹی آئی کراچی کے عوام کو بے شمار تحفے دے گی،حزب اختلاف کی جماعتیں چاہتی ہیں کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے،پارلیمنٹ کی مضبوطی میں ہی عوامی مسائل کا حل مضمر ہے۔کراچی میں پانی کے مسئلے کو حل کرینگے ساہیوال کاسانحہ افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسپیکرقومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان کی رہائش گاہ پرکراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ارکان اسمبلی سے ملاقات میں موجودہ سیاسی،معاشی و اقتصادی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہاکہ موجودہ اسمبلی قانون سازی کی اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کرے گی اور ریکارڈ تعداد میں قوانین بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے انہیں اس حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں پانی اور سیوریج کے مسائل حل کرنا پہلی ترجیح ہے۔پی ٹی آئی کراچی کی عوام کو بے شمار تحفے دے گی ۔ اسپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ ہم اٹھارویں ترمیم کے حق میں ہیں اور ہم چاہتے ہیں اس میں مزید بہتری لانی پڑے تو لائینگے ہم اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو قانون سازی کے ذریعے عوامی نوعیت کے اہم مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، وفاق صوبوں کو درپیش مسائل کے حل اور صوبوں کومکمل بااختیاربنانے میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن اور حکومت مل کر کام کرتے ہیں، کسی کی خواہش پر ہم قانون سازی نہیں کرسکتے۔،ہمیں پاکستان کے مفاد میں ساری جماعتون کو مل کر ساتھ چلنا ہوگا ۔اسد قیصر نے کہاکہ ایوان کی کاروائی میں پارلیمانی روایات اور قواعد و ضوابط کوملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے، ایوان کا تقدس اور احترام کا خیال رکھنا تمام اراکین کی اجتماعی ذمہ داری ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مدینہ کی ریاست ہمارے لئے ا یک ماڈل ہے جس کو سامنے رکھ کر قا نون سازی کرینگے۔انہوں نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ایک سوال کے جواب میں اسد قیصر نے کہا کہ سانحہ ساہیوال بڑا خوفناک سانحہ ہے اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔واقعہ پر تحقیقات جاری ہیں اس پرجوڈیشل انکوائری بھی کی جائے گی جو فرد بھی ملوث ہوا اسے سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔اپنے دورے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نجی دورے پر کراچی آیا ہوں عزیز و اقارب سے ملاقاتیں کرنی تھیں۔

مزید :

صفحہ آخر -