انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ نسیم اخترٹائٹل کی دوڑ سے باہر

انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ نسیم اخترٹائٹل کی دوڑ سے باہر

اسلام آباد(اے پی پی)جوبلی انشورنس گیارہویں قومی جونیئر انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ میں حارث طاہر، شہریار عباس، علی حیدر، محمد سلیم، احسان یوسف، عثمان احمد، محمد شہباز اور شیخ محمد مدثر فتوحات برقرار رکھتے ہوئے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، محمد نسیم اختر اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے، کوارٹر فائنلز اور سیمی فائنلز (آج) پیر کو کھیلے جائیں گے۔ اتوار کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس، سنوکر ہال اسلام آباد میں جاری چیمپئن شپ میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنلز میں حارث طاہر نے بیسٹ آف سیون فریمز میں عمر فاروق کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 4-0 فریمز سے زیر کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، علی حیدر نے عابد سجاد کو 4-1 فریمز، شہریار عباس نے شہریار خان کو 4-2 فریمز، محمد سلیم نے سعد خان کو 4-1 فریمز، احسان یوسف نے محمد حمزہ کو 4-2 فریمز، شیخ محمد مدثر نے عمر خان کو 4-2 فریمز سے زیر کر کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔

رئیس علی اوسامہ نے محمد نسیم اختر کو اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا اور فتح کے ساتھ ہی کورٹر فائنل تک رسائی بھی حاصل کر لی۔ کوارٹر فائنلز اور سیمی فائنلز آج پیر کو کھیلے جائیں گے جبکہ دو ٹاپ کیوئسٹس کے درمیان فائنل کل منگل کو کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی