سید شریف ایئرپورٹ بین الاقوامی معیار کا ہوگا ، وزیراعلیٰ محمود خان

سید شریف ایئرپورٹ بین الاقوامی معیار کا ہوگا ، وزیراعلیٰ محمود خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سیدو شریف ائیر پورٹ کی توسیع ا ور اس کا معیار بلند کرنے کے منصوبے میں درپیش مسائل حل کرنے کیلئے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ہے، انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں بدلتے ہوئے منظر نامے کی وجہ سے مذکورہ ائیر پورٹ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، یہ خطہ صنعت اور تجارت کا حب بننے جارہاہے خصوصی طور پر ہزارہ، سوات اور ملاکنڈ ڈویژن میں سیاحت کو بطورصنعت متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پاکستان ائیر فورس اکیڈمی رسالپور کے ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر وائس مارشل ندیم صابر سے گفتگو کررہے تھے ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار ، محمد امین ، سیکرٹری سپورٹس اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ، وزیراعلیٰ کو پاکستان ائیر فورس کے ذریعے جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت اور مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ سیدو شریف ائیرپورٹ کی توسیع اور اسکا معیار بلند کرنے پر کام شروع ہے ۔یہ ایک بین الاقوامی معیا ر کا ائیر پورٹ ہو گا۔ دیر چترال ، ملاکنڈاور تمام متعلقہ اضلاع اس ائیرپورٹ سے استفادہ کرسکیں گے۔ منصوبے کیلئے حاصل کی گئی زمین کیخلاف مالکان کو ادائیگی کا سلسلہ شروع ہے، متاثرہ خاندانوں کے ایک فرد کوملازمت بھی دی جائیگی۔ حکام نے بتایا کہ ائیر پورٹ کا رن وے نیا بنا یا جائیگا ، تاہم بعض مسائل کا سامنا بھی ہے، جن کو حل کرنے کیلئے صوبائی حکومت کا تعاون درکار ہے۔ وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کیلئے تعاون کا یقین دلایااور کہا کہ ائیر پورٹ پر کام میں درپیش رکاوٹیں دور کریں گے کیونکہ یہ نہایت اہم منصوبہ ہے،اس منصوبہ کیوجہ سے برآمدات میں بھی مدد ملے گی، جس حد تک ممکن ہوا صوبائی حکومت خود تعاون کرے گی اور وفاقی حکومت سے بھی بات کریں گے کیونکہ اصل ڈومین وفاق کا ہے۔ وزیراعلیٰ نے خویشگی پارک منصوبے میں پی اے ایف کو شراکت داری دینے کی درخواست پر بھی غور کرنے کا یقین دلایا انہوں نے رسالپور اکیڈمی کی باؤنڈری سے منسلک تجاوزات ہٹانے اور ایمرجنسی لینڈنگ کیلئے سرکاری اراضی کو تجاوزات سے خالی کرانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کاغان میں سٹیگنگ فلائٹ کیلئے اراضی کا مسئلہ حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔بعدازاں ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ پشاور ائر وائس مارشل سرفراز خان نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، ائیر فورس کی صلاحیتوں ، صوبے میں جاری سرگرمیوں ، خصوصی طور پر ٹیوٹا کے اداروں میں تربیتی معیار پر تبادلہ خیا ل کیا گیا، وزیراعلیٰ نے ائیر فورس کو گبین جبہ میں ریزارٹ بنانے کی تجویز دی، اور کہا کہ یہ ایک انتہائی خوبصورت اور رسائی کے قابل علاقہ ہے جسمیں سیاحت کی کافی استعداد موجود ہے، سرفراز خان نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور دلچسپی کا اظہار کیا انہوں نے بتایا کہ ائیر فورس نلتر میں بھی ریزارٹ بنا چکی ہے اور اب چترال میں بھی بنانا چاہتی ہے، ہم گبین جبہ میں بھی نلتر والا ماڈل اختیار کر تے ہیں جہاں سکول بھی کھولا جاسکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے اس مقصد کیلئے متعلقہ حکام کو طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔ائیر وائس مارشل نے انکشاف کیا کہ پشاور ائیر پورٹ سے نائٹ آپریشن شروع کرنے کا بھی پلان ہے جبکہ رواں ماہ کی 22 تاریخ سے شارجہ کیلئے فلائٹ کا افتتاح بھی کیا جائیگا ، جس کے لئے وزیراعلیٰ سے وقت درکار ہے، وزیراعلیٰ نے ائیر وائس مارشل کی تجویز پر حیات آباد سے ٹریفک کو باڑہ روڈ پر ڈائیورٹ کرنے کے معاملے پر بھی غور کے نے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ٹیوٹا کے فنی تعلیم کے اداروں میں تربیتی معیار کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سی پیک کے تناظر میں ہمیں انجینئرز کے علاوہ تربیتی یافتہ مزدوروں کی بھی ضرورت ہو گی، ہمیں اہداف کو مدنظر رکھ کر افرادی قوت تیار کرنی ہے۔ ملاقات میں پاکستان ائیر فورس کی صلاحیتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور انکشاف کیا گیا کہ یہ دُنیا کی واحد فورس ہے جو اپنے جہا ز خود بناتی ہے۔ ائیر فورس کے بنائے ہوئے مُشاق ایکسپورٹ بھی کئے جاتے ہیں، 200کے قریب مُشاق آرمی کے پاس بھی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ائیر فورس کی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ ہم قومی مفاد میں پہلے بھی ائیر فورس کی مہارتوں سے استفادہ کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی ایک ساتھ چلیں گے ، ائروائس مارشل نے بھی وزیراعلیٰ کو ائیر فورس کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔