کوہا ٹ ، تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام ، اسلحہ سے بھری گاڑی ہکڑی گئی
کوہاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ پولیس نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے ۔انڈس ہائی وے پر کاروائی میں خود کار ہتھیاروں سے بھری گاڑی پکڑ کر اسلحہ سمگلرنیٹ ورک کے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔کاروائی خفیہ اطلاعات پر مسلم آباد کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں تلاشی کے دوران عمل میں لائی گئی ۔پکڑا گیا اسلحہ درہ آدم خیل سے آلٹو موٹر کار کے ذریعے بنوں اور وزیرستان سمگل کیا جارہا تھا ۔اے ایس پی صدر سرکل کوہاٹ محمد نبیل کھوکھر نے ایس ایچ او تھانہ جرما انسپکٹر محمد علی اور انوسٹی گیشن انچارج جاوید حسین کے ہمراہ ہنگامی نیوز کانفرنس کے دوران میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے پولیس کی کامیاب کاروائی کے حوالے سے بتایا کہ ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمود کی اسلحہ ومنشیات اور دیگر غیر قانونی اشیاء کی سمگلنگ روکنے کے حوالے سے وضع کردہ حکمت عملی کے تحت شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کرکے سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ چیکنگ کے اس تسلسل میں ایک خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او جرما نے ہیڈ کانسٹیبل مبارک حسین اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس اثناء میں ایک مشکوک آلٹو موٹر کار نمبر پشاورBC-1718 کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔تلاشی کے دوران پولیس نے موٹر کار سے خود کار ہتھیاروں کی بھاری کھیپ برآمد کرکے موٹر کار میں سوار اسلحہ سمگلر نیٹ ورک کے دو ارکان خلیل آفریدی اور پیاؤ خان کو گرفتار کرلیا ۔اے ایس پی نے بتایا کہ پکڑے گئے خود کار ہتھیاروں میں 8کلاشنکوف،142نائن ایم ایم کے پستول اور ساڑھے سات ہزار کارتوس شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلحہ سے بھری گاڑی سمیت گرفتار دونوں سمگلروں کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے جبکہ پکڑا جانیوالا اسلحہ درہ آدم خیل سے آلٹو موٹر کار کے ذریعے ضلع بنوں اور بعد ازاں وزیرستان سمگل کیا جارہا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ جرما میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ایک سوال کے جواب میں اے ایس پی محمد نبیل کھوکھر کا کہنا تھا کہ امن وامان کے حوالے سے شورش زدہ علاقہ وزیرستان اسلحہ سمگل کرنے کے ارتکاب جرم میں تخریب کاری کا عنصر خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر پولیس نے واقعی تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے اور اس کامیاب کاروائی پر ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی طرف سے پولیس اہلکاروں کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔