سندھ کا پہلا شہری جنگل کراچی میں قائم کیا جائے گا، ناصر حسین شاہ

سندھ کا پہلا شہری جنگل کراچی میں قائم کیا جائے گا، ناصر حسین شاہ

کراچی (این این آئی)صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کے جنگلات کی ترقی اور ان اضافے کے لئے جامع و مربوط اور شفاف پالیسی بنائی جائے گی اور اس سلسلے میں میرٹ و چیک اینڈ بیلنس کا پائیدار ٹھوس نظام قائم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ جنگلات کے دفتر میں پائیدار فاریسٹ مینجمنٹ پالیسی 2019 کی تیاری ، ایکٹس ، سالانہ ترقیاتی پروگرام ، سیکریٹریز کمیٹی میٹنگ میں جنگلات کے حوالے سے ایجنڈے ، سپریم اور ہائی کورٹ کے احکامات کی تعمیل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ جنگلات عبدالرحیم سومرو، چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ریونیو اعجاز نظامانی ، چیف کنزرویٹران لینڈ مینگروز ریاض احمد وگن ، کنزرویٹر جنگلات آغا طاہر حسین ، سوشل فاریسٹ سیکرٹری حیدرآباد ذوالفقار علی میمن، سوشل فاریسٹ سیکریٹری سکھر حیدر رضا خان، تمام سرکل کے کنزرویٹرز ، کنزرویٹر کراچی جاوید احمد مہر ، پی پی سی (ایس ایف ایم پروجیکٹ ) عبدالحق کے علاوہ ڈائریکٹر میڈیا مینجمینٹ وزیر جنگلات و جنگلی حیات محمد شبیہ صدیقی نے شرکت کی ۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ موسمیاتی تغیرات ، فضائی آلودگی اور ٹیمپرچر میں اضافہ کے پیش نظر کراچی میں سندھ کا پہلا شہری جنگل (اربن فاریسٹ) قائم کیا جائے گا جس کا دائرہ بتدریج صوبے کے تمام شہروں تک وسیع کیا جائے گا۔ گرین کراچی کے تحت ملیر ندی اور ریلوے لائن کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے ماحول دوست اور پھلدار درخت لگائے جائے گیں اور بھرپور شجر کاری کی جائے گی۔سیکریٹری جنگلات نے اس موقع پر مختلف حوالوں سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سندھ پائیدار فاریسٹ مینجمنٹ پالیسی 2019 کے لئے کنسلٹیٹو ورکشاپس ، سییمنارز ، اجلاسوں ، تمام اسٹیک ہولڈرز، اکیڈمیاں اور کمیونٹی کی آراء کو شامل کر کے ایک ڈرافٹ کی صورت میں آئندہ ہفتے پیش کردیا جائے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر