مریم کا نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس فراہم کرنے کا مطالبہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے ایک بار پھر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان کی جانب سے ایک ٹویٹ میں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے چیک اپ کیلئے قائم کیے جانے والے میڈیکل بورڈ نے 16 جنوری کو سابق وزیر اعظم کا معائنہ کیا لیکن ابھی تک اس کی رپورٹ نہ تو فیملی کو اور نہ ہی مجھے دی گئی ہے۔ نواز شریف کی صحت کی صورتحال کا تقاضہ ہے کہ حکام اس پر فوری ایکشن لیں، یہ معاملہ ایمرجنسی کا ہے۔
مریم نواز نے ڈاکٹر عدنان کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ” مجھے یہ بتایا جا رہا ہے کہ میاں نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اس لیے انہیں کل کارڈیالوجی لے جایا جائے گا، اس حوالے سے مجھے یا ہمارے خاندان کو کوئی اطلاع نہیں دی گئی“۔
مریم نواز نے کہا کہ انہیں ابھی تک نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس نہیں دی گئیں۔ اس سلسلے میں ہم نے نہ صرف جیل اتھارٹی سے گزارش کی ہے بلکہ وزارت داخلہ کو بھی درخواست دی ہے۔