نیا پاکستان یا پتھر کا زمانہ ؟ لاہور کا وہ علاقہ جہاں اتنی دیر سے بجلی غائب ہے کہ دکانوں سے موم بتیاں بھی ختم ہوگئیں

نیا پاکستان یا پتھر کا زمانہ ؟ لاہور کا وہ علاقہ جہاں اتنی دیر سے بجلی غائب ہے ...
نیا پاکستان یا پتھر کا زمانہ ؟ لاہور کا وہ علاقہ جہاں اتنی دیر سے بجلی غائب ہے کہ دکانوں سے موم بتیاں بھی ختم ہوگئیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت کے علاقے رسول پارک میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے بجلی غائب ہے جس کے باعث گھروں میں پانی اور دکانوں سے موم بتیاں ختم ہوگئی ہیں۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب آندھی کے بعد شروع ہونے والی بارش پورے دن جاری رہی ۔ اس دوران شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا کھیل جاری رہا لیکن سمن آباد کے علاقے رسول پارک میں بجلی نے ایسی آنکھ بند کی کہ ابھی تک کھلنے کا نام نہیں لے رہی۔ رسول پارک میں لگ بھگ 24 گھنٹے غائب ہونے والی بجلی ابھی تک بحال نہیں کی جاسکی جس کے باعث گھروں میں پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

رسول پارک کے رہائشی غلام نبی کے مطابق دو راتوں سے غائب بجلی کے باعث لوگوں کے پاس بیک اپ سسٹم ختم ہوگیا ہے ۔ گھروں میں لگے ہوئے یو پی ایس کی چارجنگ ختم ہونے پر لوگوں نے دکانوں سے موم بتیاں خریدنی شروع کردیں اور اب علاقے میں یہ صورتحال ہے کہ دکانوں سے موم بتیاں بھی ختم ہوچکی ہیں۔ اہل علاقہ نے لیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر علاقے کی بجلی بحال کی جائے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور