تبدیلی کے سہانے خوابوں نے قوم کو عذاب میں مبتلا کیا،ذکر اللہ مجاہد

تبدیلی کے سہانے خوابوں نے قوم کو عذاب میں مبتلا کیا،ذکر اللہ مجاہد

  



لاہور(پ ر)امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ تبدیلی کے سہانے خوابوں نے قوم کو مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے بعد گندم اور آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر میں بڑھتی مہنگائی اور گراں فروشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علاقہ شمالی لاہور کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، رہنما جماعت اسلامی چوہدری محمد شوکت، ابوبکر صدیق، عمران سبحانی، مقدس علیم و دیگر عہدیداران موجود تھے۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد مزید کہا کہ شہر لاہور سمیت ملک بھر میں ذخیرہ اندوزوں اورگراں فروشوں کو کنٹرول کیے بغیر مہنگائی کا جن قابو نہیں کیا جاسکتا۔۔ ملک میں تبدیلی اور عوامی فلاح و بہبود کے نام پر آنے والی حکومت نے غریب عوام کا جینا محال کردیا ہے۔

، پاکستان کی تاریخ میں مہنگائی کی ایسی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب عوام کو مایوسی میں مبتلا کردیا ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے سابقہ ادوار کے تمام مہنگائی کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ نااہل حکمرانوں کی طرز حکمرانی کے تجربات نے قوم کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔ انہوں نے کہا ک حکومت کا خود کا پیدا کردہ بحران عوام کو ذہنی اذیت دے رہا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4