پنجاب میں پرویز الٰہی جیسی تجربہ کار قیادت کی ضرورت ہے،اکرام ربانی
لاہور(پ ر) سابق صوبائی وزیر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رانا اکرام ربانی نے صوبے کے انتظامی اور مالی حالات کے حوالے سے سخت تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ اب وقت آ گیا ہے کہ انا پرستی کی بجائے حقائق کا سامنا کیا جائے اور پنجاب جیسے صوبے میں تجربہ کار قیادت کو انتظام سنبھالنے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب جیسے بڑے صوبہ میں افسر شاہی اور منتخب عوامی نمائندوں کے درمیان بہترین تعلقات کار کا ہونا ضروری ہے کیونکہ اسی طرح بحرانوں سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا نو آموز کو آزما نے کے اب تک نتائج برآمد نہیں ہوئے اس لئے بہتر ہو گا کہ اب تجربہ کار سیاسی اور انتظامی پس منظر کے حامل چودھری پرویز الٰہی کو موقع دیا جائے، ان کو صوبہ چلانے کا تجربہ بھی ہے اور یہ بات شچ ہے کہ تجربے کا کوئی متبادل نہیں ہو سکتا، اس لئے وزیراعظم کو اب اپنا فیصلہ تبدیل کرنا چاہیے۔ مسلم لیگ (ق) ا نکی مستند حلیف جماعت اور چودھری برادران وضع دار لوگ ہیں جو اب تک نبھاتے چلے آ رہے ہیں اور مزید نبھائیں گے۔