آوارہ کتوں کے وار جاری، مزید 95شہریوں کو کاٹ لیا
لاہور(جنرل رپورٹر) لاہوریوں پرآوارہ کتوں کے وارجاری رہے، 24 گھنٹوں کے دوران آوارہ کتوں نے مزید 95 لاہوریوں کو کاٹ لیا۔ 20 روز کے دوران آوارہ کتوں کے کاٹنے کی تعداد1 ہزار سے تجاوز کر گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں ہر گھنٹے میں 2 افراد آوارہ کتوں کا نشانہ بننے لگے۔ نئے سال کے آغاز سے اب تک ایک ہزار سے زائد لاہوریئے آوارہ کتوں کا نشانہ بن گئے۔ شہر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باوجود بھی انتظامیہ لمبی تان کر سو رہی ہے۔دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کی تحصیل سطح پر بنائی گئی کتوں کی تلفی کی ٹیموں کی سستی سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں صرف 121 آوارہ کتوں کو تلف کیا جا سکا جس میں تحصیل ماڈل ٹاؤن میں 49 آواہ کتوں کو تلف کیا گیا،تحصیل کینٹ میں 20 آوارہ کتوں کو تلف کیا گیا،تحصیل سٹی میں 18 آوارہ کتوں کو تلف کیا گیا،تحصیل رائیونڈ میں 24 آوارہ کتوں کو تلف کیا گیا،تحصیل شالیمار مہدی 10 آوارہ کتوں کو تلف کیا گیا،مجموعی طور پر 121 آوارہ کتوں کو تلف کیا گیا۔