غیر معیاری سرکہ و جعلی سیریلیک بنانے والی فیکٹری سیل

غیر معیاری سرکہ و جعلی سیریلیک بنانے والی فیکٹری سیل

  



 پشاور(سٹی رپورٹر) کے پی فوڈ اتھارٹی نے عوامی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے بورڈ دانش آباد میں گھر کے اندر واقع فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں غیر معیاری سرکہ اور نونہالوں کی جعلی غذا سیریلیک بنایا جاتا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی سہیل خان نے یہاں سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ملاوٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیراعظم اور وزیراعلٰی کی واضح ہدایات ہیں کہ ملاوٹ کا قلع قمع کرنا ہوگا۔ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت وزیر نے آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈولفن سکواڈ نے عوامی شکایات پر گھر کے اندر کاروائی کرتے ہوئے غیر معیاری سرکہ اور جعلی سیریلیک بنانے والی فیکٹری کو سیل کرکے دس ہزار لیٹر مشروبات تلف کرکے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گھروں کے اندر واقع فیکٹریوں سے نمٹنے کیلئے کے پی فوڈ اتھارٹی نے خواتین افسران پر مشتمل ڈولفن سکواڈ ترتیب دیا ہے جو کہ چادر اور چار دیواری کی پابندی کرتے ہوئے گھروں کے اندر جاکر اشیائے خوردونوش کی چیکنگ کرتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ نے ابھی تک درجنوں ایسی کاروائیاں کی ہیں جہاں گھروں کے اندر واقع فیکٹریوں کی چیکنگ کی گئی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر