نیوٹیک کامیٹرک ٹیک متعارف کروانے کے منصوبے کا آغاز

نیوٹیک کامیٹرک ٹیک متعارف کروانے کے منصوبے کا آغاز

  



اسلام آباد (پ ر)ٹیکنالوجی اور جدت جدید دور میں معاشی ترقی کی بنیادی ضروریات ہیں اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ تکنیکی مہارتوں سے بھی لیس کریں جس سے ان کو اندرون ملک اور بیرون ملک ملازمتوں کے حصول میں آسانی ہوگی۔ یہ بات نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر خان نے آج نیوٹیک میں ہونے والی میٹرک ٹیک منصوبے کے حوالے سے میٹنگ کے دوران کہی۔ میٹنگ میں اسلام آباد، آزاد جموں کشمیر او ر گلگت بلتستان سے تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔میٹرک ٹیک نیوٹیک کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جسے تعلیم کے تیسرے دھارے کے طور پر شروع کیا جائیگا۔ اس سے پہلے میٹرک میں طلباء کو سائنس یا آرٹس منتخب کرنے کا اختیار دیا جاتا تھا۔ اس منصوبے کے تحت ٹیکنیکل و پیشہ ورانہ تعلیم کو روایتی تعلیم کے ساتھ مربوط کیا جائیگا۔ میٹرک ٹیک پائلٹ فیز میں اسلام آباد، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے 15 سکولوں میں شروع کیا جائیگا۔ یہ اسکیم نوجوانوں کو موقع فراہم کریگی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق اعلی تعلیم یا مہارت حاصل کرنے کے ما بین اپنے کیریئر کا راستہ منتخب کریں۔ انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (IBCC) سے اس منصوبے کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے جس نے لیول 4 کی کوالیفکیشن کو میٹرک کے برابر درجہ دینے کا اعلان کیا ہے اس پر وگرام کو پورے ملک میں بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ذریعے نافذ کیا جائیگا۔نیوٹیک اجلاس میں میٹرک ٹیک منصوبے پر عملدرآمد کے لیئے ورکنگ پیپر اور مطالعہ کی تسلیم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔نیوٹیک میٹرک ٹیک کے نصاب کو موبائل ایپس، ٹریننگ ویڈیوز، 3-D سیمیوئلز، اور اردو اور انگریزی میں PDF کتاب کی صورت میں جلد دستیاب کر دے گا۔

مزید : کامرس