انسانی حقوق کی جتنی پامالی انڈیا کشمیر میں کررہا ہے، دنیا میں کہیں نہیں ہو رہی: فخر امام

انسانی حقوق کی جتنی پامالی انڈیا کشمیر میں کررہا ہے، دنیا میں کہیں نہیں ہو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان(آئی این پی)چیئرمین کشمیرکمیٹی وسابق سپیکرقومی اسمبلی سیدفخرامام نے کہا ہے کہ ہمارا کشمیر کاز انصاف اور عدل پر مشتمل ہے اور پوری دنیا نے کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کیا ہے، انسانی حقوق کی جتنی پامالی انڈیا کشمیر میں کررہا ہے دنیا میں کہیں نہیں ہورہی ہے۔ پچھلے ساڑھے پانچ ماہ سے کشمیری دنیا کی سب سے بڑی جیل میں ظلم و ستم کی صوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔دنیا کی سب ہیومن رائٹس تنظیمیں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر آواز اٹھا رہی ہیں،رواں سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جائے گا،مسئلہ کشمیر پر ہم سب ایک ہیں اور تمام پارٹیوں کا اتفاق ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ملتان میں کریکٹر بیلڈنگ سوسائٹی کے زیراہتمام نجی یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ''کشمیر کانفرنس''سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امورکشمیرکے چئیرمین سیدفخرامام نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ ہر محاذ پر مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے اور دبانے کی کوشش کی ہے، کشمیر کے مسئلہ پر پاک بھارت تین جنگیں ہو چکی ہیں۔ بھارت خود اقوامِ متحدہ میں مسئلہ کشمیر لیکر گیا جہاں دو قرارداد پاس ہوئیں جن میں سے ایک میں جموں و کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کیا گیا تو دوسری میں بذریعہ ووٹ کشمیری اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں۔ انڈیا ہمیشہ مذاکرات سے بھاگ گیا۔کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید فخر امام نے کہا کہ کشمیریوں کو ہر صورت استصواب رائے کا حق دیا جائے۔ بھارت میں علیحدگی کی 80 تحریکیں چل رہی ہیں متنازعہ شہریت بل نے اس مسئلہ کو اور سنگین بنادیا ہے، خود کو جمہوری اور سیکولر ملک کہلانے والا انڈیا آر ایس ایس کی ہندو توا سوچ کے زیرتسلط ہے،مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں 9 لاکھ فوج تعینات کر کے کشمیر کو دنیا کا سب سے بڑا فوجی زون بنادیاہے۔ کشمیرکانفرنس کی صدارت نجی یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف سدرن پنجاب کے ریکٹر عاصم نذیر نے کی جبکہ اس موقع پر ثاقب نذیر، فرحان گیلانی، نعیم اقبال نعیم، میاں محمد ماجد، صائمہ علی اور صدر حذیفہ اکبر دھریجہ بھی موجود تھے۔دریں اثنا نجی یونیورسٹی آئی ایس پی کے باہر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ 72 سال سے چل رہا ہے، اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیر متنازعہ علاقہ ہے 54 سال کے بعد یو این سکیورٹی کونسل کا دوسرا اجلاس مسئلہ کشمیر پر ہوا جو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس موقع پر نعیم اقبال نعیم، فرحان گیلانی، میاں محمد ماجد،صائمہ علی، جنید یاسین اور حذیفہ اکبر دھریجہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
فخرامام