غریبوں کی ہمدردی میں مگر مچھ کے آنسو بہانے والو ں کا بویا قوم کاٹ رہی ہے: فردوس عاشق

غریبوں کی ہمدردی میں مگر مچھ کے آنسو بہانے والو ں کا بویا قوم کاٹ رہی ہے: ...

  



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپنے کارکنوں کو دھوکہ دینے والے کس منہ سے دوسروں پر دشنام طرازی کرتے ہیں، غریبوں کی ہمدردی میں مگرمچھ کے آنسو بہانے والوں کا بویا آج پوری قوم کاٹ رہی ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ 4 دن جیل میں نہ رہنے والوں کی چیخیں بند نہیں ہو رہیں، 16 ماہ میں موجودہ حکومت نے قرضوں کی ادائیگی سمیت معاشی نظم و ضبط قائم کرنے کیلئے بروقت اور جرات مندانہ مالیاتی اور انتظامی مشکل فیصلے قوم کو 71 سال کے مسائل سے نجات دلانے کیلئے کئے گئے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا قوم کی ہمت اور حوصلے سے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے، وزیراعظم عمران خان کو قوم کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے، عوام کو براہ راست ریلیف دینے کیلئے 7 ارب کا یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے پیکیج دیا گیا جبکہ آنے والے دنوں میں عوام کی آسانی کیلئے مزید اقدامات ہوں گے۔علاوہ ازیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مختلف وزارتوں میں امور سر انجام دینے والے انفارمیشن افسروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی اور قومی مفاد کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دینا ہوں گی۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی ظہور برلاس، پرنسپل انفارمیشن آفیسرطاہر حسن، ڈی جی آئی پی سہیل علی خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ معاون خصوصی نے کہاکہ دنیا میں پاکستان کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے میں آپ لوگوں کو اپنی بہترین صلاحتیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو بھرپور انداز سے اجاگر کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ قومی بیانیئے کے فروغ اور ملکی مفاد کے تحفظ کیلئے درست اور بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ موجودہ دور ابلاغ کا دور ہے اور سوشل میڈیا کے جدید ذرائع استعمال کرتے ہوئے پاکستان کا روشن تشخص اجاگر کرنا ہے۔

فردوس عاشق اعوان

مزید : صفحہ اول