چیف الیکشن کمشنر، صوبائی ممبران کے تقرر پر اہم پیش رفت، نا م فائنل آج اعلان

    چیف الیکشن کمشنر، صوبائی ممبران کے تقرر پر اہم پیش رفت، نا م فائنل آج ...

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)حکومت اور اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر اور صوبائی ممبران کی تعیناتی کے معاملے پر متفق ہو گئے،اپوزیشن نے چیف الیکشن کمیشن کیلئے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق رائے کا اظہار کر دیا، منظوری کیلئے نام وزیراعظم کو بجھوا دیے گئے، حتمی ناموں کا اعلان پارلیمانی کمیٹی آج منگل کو کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان صوبائی الیکشن کمیشن کے ناموں پر اتفا ق رائے، اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجہ کے نام پر رضا مند ہوگئے جبکہ بلوچستان سے ممبر شاہ محمود جتوئی اور سندھ سے ممبر کیلئے نثار درانی کے نام پر حکومت اور اپو ز یشن متفق ہوگئے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی میں ہونیوالے فیصلوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد پارلیمانی کمیٹی چیف الیکشن کمیشن اور دیگر ممبران کے ناموں کا اعلان آج کرے گی۔ حکومتی ناموں میں چیف الیکشن کمشنرکیلئے سکندر سلطان راجہ جبکہ ممبران کیلئے نثار درانی اورشاہ محمد جتوئی کے نام فائنل کیے گئے۔ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کیلئے حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا سپیکر آفس میں اجلاس ہوا، جس میں حکومت اور اپوزیشن کے دیے گئے ناموں پرغور کیا۔قبل ازین گزشتہ روزاپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خط کا جواب دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کیلئے 3 نام تجویز کیے تھے۔ان ناموں میں سابق سیکرٹریز ناصر محمود کھوسہ، اخلاق احمد تارڑ، اور عرفان قادرکے نام شامل ہیں۔ اپنے خط میں کہا آپ کے بھجوائے گئے پینل پر غور جاری ہے، اس اثناء آپ میرے بھجوائے ناموں پر غور کریں۔ اپوزیشن لیڈر کا 15 جنوری 2020 کو وزیراعظم کے لکھے گئے خط کا جواب میں مزید کہنا تھا افسوس ہے میں نے 25نومبر2019ء کو جس عمل کا آغاز کیاتھا اس میں غیرضروری اور بلاجواز تاخیر کی گئی۔یہ عمل شروع کرنا آرٹیکل 213 ٹواے کے تحت میری آئینی ذمہ داری تھی، غیرضروری تاخیر کی وجہ سے اب تک اتفاق رائے حاصل نہیں ہوپایا۔ غور جیسے ہی مکمل ہو، ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روح کے مطابق عمل کرنا چاہئے۔ اسی طرح اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو خط کے ذریعے تین نام بھجوائے تھے۔ جن میں سابق وفاقی سیکرٹری جمیل احمد، سابق سیکرٹری فضل عباس میکن اورسکندر سلطان راجہ کے نام شامل ہیں۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ پرسوں کہا تھا 90 فیصد پیشرفت ہوئی ہے، آج ہم نے 95 فیصد پیشرفت کرلی ہے۔ امید ہے کہ کل کے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کے نام کا اعلان کردیا جائیگا۔

الیکشن کمیشن

مزید : صفحہ اول