ایلس ویلز کی وفاقی وزیر داخلہ اور مشیر تجارت سے ملاقاتیں

    ایلس ویلز کی وفاقی وزیر داخلہ اور مشیر تجارت سے ملاقاتیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے نائب معاون امریکی وزیر خارجہ ایلس ویلز نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں سکیورٹی اور داخلی امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی معزز مہمان ایلس ویلز سے ملاقات میں وزیر داخلہ نے بتایا کہ بیرون ملک غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو کافی حد تک حل کرتے ہوئے ان کے پاسپورٹ اور سفر ی دستاویزات کی تصدیق کے عمل کیلئے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے۔ اس پر ایلس ویلز نے کہا ہم حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ اس موقع پر امریکی وفد نے تجویز دی کہ ہم ایک پختہ نظام اور طریقہ کار مرتب کرنا چاہتے ہیں جس سے آنیوالے وقت میں بھی مستفید ہوا جا سکے، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے تجویز کا خیر مقدم کیا۔ایلس ویلز کا کہنا تھا یہ سن کر بے حد خوشی ہوئی کہ پاکستان کی مرکزی حکومت نے ان معاملات پر کافی کم وقت میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ اعجاز شاہ نے کہا ان اقدامات کا متعارف ہونا ہماری اپنی ترقی کیلئے بھی انتہائی خوش آئند ہے۔ قبل ازیں امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز اور مشیر تجارت رزاق داد کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کی با ہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔امریکی وزیر کا کہنا تھا زرعی شعبے میں باہمی تجارت کو مزید فروغ اور استحکام دیا جا سکتا ہے، زرعی شعبے میں فوری اضافے کی واضح صلا حیت موجود ہے۔ معروف امریکی کمپنیاں پاکستان میں طویل عرصے سے کام کر رہی ہیں، مزید امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔مشیر تجارت رزاق داد نے کہا اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی گنجائش ہے، امریکی انتظامیہ کیساتھ تجارتی فر و غ کیلئے بات چیت ہوگی۔ امریکی انتظامیہ کیساتھ ترجیحی تجارت کیلئے جلد بات چیت ہوگی۔ پاکستان کے دورے پر موجود امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کاآج منگل سے دفتر خارجہ میں ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایلس ویلز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے،ایلس ویلز وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کریں گی،ایلس ویلز 22 جنوری تک پاکستان میں چار روز قیام کریں گی،ملاقاتوں میں باہمی اور علاقائی تحفظات کے معاملات پر بات چیت کی جائے گی،وہ گذشتہ روز اسلام آباد پہنچیں تھیں۔ ذرائع کے مطابق ایلس ویلز پاکستانی حکام سے پاک امریکہ تعلقات میں بہتری، افغانستان میں قیام امن و مفاہمتی عمل پر بات چیت کی جائے گی۔ امریکی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری حالیہ ایران امریکہ کشیدگی اور افغانستان میں جااری مفاہمتی عمل و امریکہ طالبان مذاکرات کے حوالے سے بھی پاکستانی حکام سے بات چیت کریں گی۔ ذرائع کے مطابق ایلس ویلز کی جانب سے امریکہ کی پاکستان کو فوجی امداد و فوجی تعلیم و تربیت کے معاملات بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔
ایلس ویلز ملاقاتیں

مزید :

صفحہ اول -