مریم نواز کی بیرون ملک جانے کیلئے نئی متفرق درخواست
لاہور(نامہ نگارخصوصی)مریم نواز شریف نے اپنے والد میاں محمد نواز شریف کی تیمارداری کی خاطر بیرون ملک جانے کی اجازت کے لئے لاہورہائی کورٹ میں ایک اورمتفرق درخواست دائر کردی ہے،مسٹر جسٹس محمد طارق عباسی اور مسٹر جسٹس مشتاق احمد چودھری پرمشتمل ڈویژن بنچ آج 21جنوری کو اس درخواست کی سماعت کرے گا۔فاضل بنچ مریم نواز کی بنیادی رٹ درخواست کی بھی سماعت کرے گا جس میں انہوں نے اپنا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے قانونی جواز کو چیلنج کررکھاہے،مریم نواز کی نئی متفرق درخواست میں وفاقی حکومت اور نیب کوفریق بنایا گیا ہے، درخواست کے ساتھ میاں نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس بھی لف کی گئی ہیں،مریم نواز کا موقف ہے کہ ان کے والد کی طبیعت روزبروزناساز ہوتی جا رہی ہے، ان کی تازہ رپورٹس کے مطابق ان کے امراض میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، مریم نواز کا موقف ہے کہ اپنے والد میاں نواز شریف کی میڈیکل ہسٹری سے متعلق مجھ سے زیادہ کوئی نہیں جانتا، عدالت میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لے سکتی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مریم نواز کو والد کی تیمارداری کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔
متفرق درخواست