احسن اقبال کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

احسن اقبال کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

  



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) احتساب عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے لیگی رہنما کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔احتساب عدالت میں نارووال سپورٹس سٹی کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا 28 روز کا جسمانی ریمانڈ ہوگیا، کیا 90 روزہ ریمانڈ لیں گے؟ نیب نے کہا احسن اقبال کو 23 دسمبر کو گرفتار کیا، تحقیقات جاری ہیں، احسن اقبال کی گرفتاری کے بعد گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے۔دوسری طرف آئی این پی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو چندہ جمع کرنے کے کسی عہدے پر لگا دیں،اس لنگرخانہ حکومت سے ہماری جان چھڑوادیں۔عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جس شخص نے ساری زندگی چندہ جمع کیا ہو وہ کیا معیشت کو کنٹرول کرے گا، لنگرخانہ حکومت نے ملک کو اس نہج پر پہنچادیا کہ آٹا 70روپے کلو بھی نہیں مل رہا، ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے، نوجوان نسل ڈگریاں ہاتھ میں اٹھائے گھوم رہی ہے، وہ اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں عمران خان کو چندہ جمع کرنے کے کسی عہدے پر لگا دیں اور اس لنگرخانہ حکومت سے ہماری جان چھڑوادیں۔

احسن اقبال

مزید : صفحہ آخر