حکومت سندھ کا گندم ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ، جلد بحران پر قابو پالیا جائے گا: مراد علی شاہ

      حکومت سندھ کا گندم ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ، جلد بحران ...

  



کراچی(آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔آپریشن میں پولیس اور رینجرز کے اہلکار حصہ لیں گے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں کمشنر ز اور ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت آپریشن کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یہ ہدایت پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں گندم کے مسئلے پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتازشاہ،وزیرخوراک ہری رام،وزیرزراعت اسماعیل راہو،صوبائی مشیرمرتضی ٰوہاب،پرنسپل سیکریٹری ساجدجمال ابڑو،سیکریٹری خزانہ حسن نقوی،سیکریٹری خوراک لائیق احمد،سیکریٹری جنگلات رحیم سومرو نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیاکہ سندھ حکومت کے پاس اپنی گندم7 لاکھ ٹن تھی جس میں 4 لاکھ ٹن جاری کرچکے ہیں۔صوبائی وزیر ہری رام نے اجلاس کو بتایا کہ حیدرآبادمیں پاسکوکے 12 ہزاربیگس پہنچ چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی شہرکیلئے ہرمہینے ایک لاکھ 30 ہزارٹن گندم جاری کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 مارچ تک محکمہ خوراک گندم جاری کرتاہے۔اس حساب سے محکمہ خوراک کوابھی بھی 2 مہینوں کیلئے گندم کی فراہمی یقینی بنانی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خوراک کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے گوداموں میں 3 لاکھ 35 ہزار ٹن گندم موجودہے یہ ملوں کودیکران کی رقم وصول کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے پاسکوسے مزیدگندم خریدکرنے کافیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت 90 بلین روپے کے قرض میں سے 20 بلین روپے کا قرضہ بینکوں کوواپس کردیا ہے۔پاسکوکوبھی وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پرمحکمہ خوراک گندم کی مدمیں ادائیگی کرچکاہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ پاسکوسے 4 لاکھ ٹن گندم لی ہے اور75 ہزاربیگس کراچی میں سپلائی کرچکے ہیں۔مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں استحکام لانے کیلئے مزید 3 دن لگیں گے۔اس وقت فلورملیں مختلف مقامات پرآٹا43روپے فی کلوگرام کے حساب سے مہیاکررہے ہیں۔سندھ حکومت نے مختلف گوداموں پرچھاپہ مارکرگندم نکالنے کافیصلہ کیاہے اور آج سے کراچی میں گندم کے زخیرہ اندوزوں کے خلاف پولیس اور رینجرز کے تحت آپریشن شروع کیاجارہاہے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت آپریشن کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ذخیرہاندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاررائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی صوبے میں جاری گندم اور آٹے کے بحران پر قابوپالیا جائے گا۔

مراد علی شاہ

مزید : صفحہ آخر