آج کا پاکستان پر امن اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، گورنر سندھ

  آج کا پاکستان پر امن اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (این این آئی)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کے 49 ویں اسٹاف کورس کے شرکاء نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ کورس میں بری، بحری اور فضائیہ کے 93 افسران شریک ہیں جن میں 14 دوست ممالک کے 25 افسران بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ افسران کی تربیت وقت کا اہم تقاضہ ہے مختلف کورسز کے ذریعہ افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ یقینی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام میں افواج پاکستان نے بے مثال قربانی دیں آج کا پاکستان پر امن اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے یقین سے کہ رہاہوں پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع دستیاب ہیں عالمی سروے رپورٹ میں اسلام آبادکو دنیا کا پانچواں محفوظ ترین شہر قرار دیا گیاآج پاکستان سیاحت کے فروغ میں بھی سرفہرست ملک بن کر ابھر رہا ہے، گلگت بلتستان کے علاقے اپنی خوبصورتی اور قدرتی دلفریب مناظر کے باعث دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتے ہیں ان علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لئے موجودہ حکومت بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی شہ رگ کراچی بے پناہ استعداد کا حامل شہر ہے جہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ، تجربہ کار، نوجوان اور کم لاگت افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پرکشش ہے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے کہتا ہوں اپنے ملک آکر سرمایہ کاری کریں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ ماضی کے برعکس موجودہ حکومت نے بڑی تعداد میں سماجی پروگرام شروع کئے، صحت، تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ غریبوں کو کھانا،کاروبار کے لئے قرضہ اور سردی میں لوگوں میں کمبل بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اقتصادی حب کراچی کی ترقی کے لئے وفاق بھرپور تعاون فراہم کررہا ہے شہر میں پینے کے پانی کے منصوبہ K-IV کی تکمیل کے لئے بھی وفاقی حکومت تعاون کررہی ہے جبکہ اس وقت وفاقی فنڈنگ سے شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، شہر میں جرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے جدید Safe City ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنا انتہائی ناگزیر ہے اس ضمن میں حکومت بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے ملک کو درست سمت پر گامزن کردیا ہے ہر شعبہ میں مثبت اشاریئے حاصل ہورہے ہیں بھاری قرضوں کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں اس ضمن میں حکومت نے اپنے اخراجات میں بھی کمی کی۔بعد ازاں ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق نے ادارہ کی جانب سے گورنرسندھ کوسووینئر پیش کیا جبکہ گورنرسندھ نے ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق کو شیلڈ دی۔
گورنر سندھ

مزید :

صفحہ آخر -