تیل چوری سکینڈل‘ گرفتار ملزموں کو زبان بند رکھنے کا حکم‘ پولیس سے ڈیل فائنل

  تیل چوری سکینڈل‘ گرفتار ملزموں کو زبان بند رکھنے کا حکم‘ پولیس سے ڈیل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مظفرگڑھ (نمائندہ خصوصی) پاک عرب آئل ریفائنری تیل چوری کے سکینڈل میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں جبکہ ضلع راجن پور میں پائپ لائن سے کلمپ لگاکر تیل چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانیوالے شیرشاہ کے رہائشی غلام شبیر نے بھی دوبارہ پارکو آئل ریفائنری سے تیل چوری کے اپنا نیٹ ورک شروع کررکھا ہے جبکہ غلام شبیر کو نندی پور پاور پلانٹ سکینڈل میں نیب نے (بقیہ نمبر22صفحہ12پر)

بھی حراست میں لیا تھا اور غلام شبیر نے وعدہ معاف گواہ بن کر نیب حکام کو آئل مافیا کے بڑے بڑے مگر مچھوں کے نام اور راز اگل کر رہائی حاصل کی اور اب رہائی کے بعد دوبارہ تیل چوری کے لیے اپنا نیٹ ورک متحرک کررکھا ہے۔ اس کے تھانہ صدر مظفرگڑھ میں کلمپ لگاکر تیل چوری کرنیوالے گینگ نے دوران گرفتاری انکشاف کیا تھا کہ وہ پارکو آئل ریفائنری سے تیل چوری کرکے غلام شبیر المعروف شبو ہمبڑ اور غلام عباس کو چوری کیا جانیوالا تیل دیتے ہیں جس پر ان کا نام مقدمہ میں شامل کیا گیا لیکن پولیس اہلکاروں نے آئل مافیا کے بدنام زمانہ کرداروں کے ساتھ وفاداریاں نبھاتے ہوئے اس مقدمہ میں کوئی پیشرفت نہ کی جس کے بعد رنگپور اور چوک قریشی میں بھی پکڑے جانیوالے پارکو آئل ریفائنری کی پائپ لائن سے کلمپ لگاکر تیل چوری کی وارداتوں میں بھی یہ آئل مافیا کے اہم کردار ملوث ہیں جبکہ شیرشاہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور آئل مافیا کے اہم کردار نبی ہمبڑ کے خلاف بھی تھانہ سنانواں کے علاقہ میں پارکو آئل ریفائنری کی پائپ لائن میں کلمپ لگاکر تیل چوری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جو اب بظاہر اینٹوں کے بھٹہ کا کام کررہا ہے لیکن آئل مافیا کے ساتھ منسلک اہم کردار ہے اسی طرح مظفرگڑھ کے مختلف تھانوں میں آئل مافیا کے اہم کرداروں کے خلاف درجنوں مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔ جو قومی ادارے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے زمہ دار ہیں لیکن پولیس نے ان سے اپنی وفاداریوں کے بدلے چند لاکھ کی بھی ریکوری نہ کی ہے۔ جبکہ قومی ادارے پارکو کی پائپ لائن سے کروڑوں روپے مالیت کے تیل چوری کی بڑی وارداتوں میں ملوث ان اہم کرداروں کے اثاثے کئی اربوں میں پہنچ چکے ہیں جن کے خلاف نیب کو متحرک کیا جانا ضروری ہے۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے تھانہ قریشی میں پکڑے جانیوالے کلمپ میں گرفتار ملزم شاہد چن اور اس کے ساتھی کی زبان بندی کے لیے پولیس سے معاملات طے کیے جاچکے ہیں اور پولیس ان افراد کو چالان کرکے جیل بھیج کرکے معاملہ دبا دیا جائیگا۔
تیل چوری