ٹی 20ورلڈکپ: قومی ویمنز ٹیم کا اعلان، ثناء میرڈراپ

ٹی 20ورلڈکپ: قومی ویمنز ٹیم کا اعلان، ثناء میرڈراپ

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے لیے 15 رکنی قومی خواتین کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ اسکواڈ کا انتخاب انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں خواتین کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعدکیا گیا ہے۔عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والی نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف منتخب کردہ اسکواڈ میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔ ناہیدہ خان، رامین شمیم اور عائشہ ظفر کی جگہ منیبہ علی، عائشہ نسیم اور ایمن انور کو میگا ایونٹ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تین رکنی سلیکشن کمیٹی کے دیگر اراکین میں مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال شامل ہیں۔منتخب کردہ قومی خواتین اسکواڈ کی اوسط عمر 24.8 ہے جو مستقبل کے حوالے سے سلیکٹرز کی سوچ اور منصوبہ بندی کی مکمل عکاسی کرتی ہے۔15 رکنی اسکواڈ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچز 7، 9 اور 11 فروری کو کھیلے گی تاہم روانگی سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا آٹھ روزہ تربیتی کیمپ 23 سے 30 جنوری تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں جاری رہے گا۔اسکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگاایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کیخلاف میدان میں اترے گی۔چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کیلیے اسکواڈ کی تشکیل آسان مرحلہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈ کا انتخاب خواتین کھلاڑیوں کی بین الاقومی اور قومی کرکٹ میں حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اسکواڈ سے ڈراپ ہونے والی کرکٹرز دلبرداشتہ ہونے کی بجائے مزید محنت کرکے ایک بار پھر اسکواڈ میں واپس آسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے15 سالہ عائشہ نسیم کا انتخاب دیگر نوجوان کرکٹرز کے لیے حوصلے کا سبب بنے گا، عروج ممتاز نے کہا کہ میگا ایونٹ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کرتے وقت آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ہم طویل مشاورت کے بعدآئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے ایک بہترین اسکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب رہے۔ ثناء میرکومیگا ایونٹ کے لیے ڈراپ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسکواڈ میں ثناء میر کی شمولیت کی خواہشمند تھیں جس پر سلیکشن کمیٹی اور ان میں طویل مشاورت ہوئی۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا کہ ہمیں ثناء میر اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ایمرجنگ کرکٹرمیں سے کسی ایک کو چننا تھااور وہ اس سلسلے میں اکثریتی فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔انہیں امید ہیکہ ثناء میر اسی جوش و جذبے کے ساتھ مستقبل میں بھی پاکستان ویمنز کرکٹ کی خدمت کرتی رہیں گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی