ٹی ٹوئنٹی سیریز، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 23جنوری کو لاہور پہنچے گی

ٹی ٹوئنٹی سیریز، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 23جنوری کو لاہور پہنچے گی

  



لاہور(آئی این پی) پاکستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم جمعرات 23 جنوری کو لاہور پہنچے گی۔بنگلہ دیش ٹیم جمعرات کو 3 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کرے گی، بعد ازاں مہمان ٹیم کے کپتان محموداللہ اور بابراعظم ٹرافی کی رونمائی میں شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق مہمان ٹیم کے ہمراہ بنگلہ دیش انٹیلیجنس کے افسران بھی موجود ہوں گے۔صدر بنگلہ دیش بورڈ ناظم الحسن 23 جنوری کی رات لاہور پہنچیں گے جبکہ ڈائریکٹر کرکٹ اکرم خان اور چیف سلیکٹر منہاج العابدین بھی ٹیم کے ہمراہ آئیں گے۔واضح رہے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 24، دوسرا 25 اور تیسرا 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔پی سی بی ترجمان کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل تمام میچز دوپہر دو بجے شروع ہوں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی