اوٹی سی لاہور چیلنج کپ،کریسنٹ کرکٹ کلب کی جیت

  اوٹی سی لاہور چیلنج کپ،کریسنٹ کرکٹ کلب کی جیت

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)کریسنٹ کرکٹ کلب نے روایتی حریف مسلم جم خانہ کرکٹ کلب کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پہلے اوٹی سی لاہور چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔وحدت ایگلٹس گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس میچ کی خاص بات کریسنٹ کلب کے وکٹ کیپر محمد ارسلان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی تھی انہوں نے 52رنزبنانے کے ساتھ ساتھ وکٹوں کے پیچھے ایک کیچ اور ایک سٹمپ کیا۔کریسنٹ کلب کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مسلم جم خانہ کی ٹیم مقررہ 35اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 233رنزبنائے۔فرحان نذر 75،احسن سعید52،کامل علی 47اور محسن بٹ 29رنزبناکر نمایاں رہے۔کریسنٹ کلب کے اسد اللہ نے 3،بلال اقبال نے دو جبکہ محمد بابر اور رانا تبارک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں کریسنٹ کلب نے 28ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 239رنزبناکر میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔سلمان خان 60ناٹ آؤٹ،محمد ارسلان 52،صداقت علی 32اور محمد عارف رشید 31رنزبناکر نمایاں رہے۔مسلم جم خانہ کے وقاص اسلم نے دو جبکہ محمد طحہ اور نعمان خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔میچ میں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی پر کریسنٹ کلب کے محمد ارسلان کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی