کمر تکلیف کا شکار حسن علی تاحال مکمل فٹنس حاصل نہ کرسکے
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرحسن علی ابھی تک سو فیصد فٹنس حاصل نہیں کرپائے، انہوں نے بولنگ کا آغاز ضرور کردیاہے اور پہلے سے وہ بہت بہتر ہیں۔ ڈاکٹر کی اجازت کے بعد حسن علی کا فٹنس ٹیسٹ ہوگا۔
پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام 19 کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ مختلف ایام میں رکھے تھے۔ بنگلا دیش پریمیئرلیگ میں شرکت کی وجہ سے محمد عامر، وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد حفیظ کے فٹنس ٹیسٹ باقی کرکٹرز کے ساتھ نہیں ہوسکے تھے۔فٹنس مسائل کی وجہ سے فخر زمان اور عثمان شنواری کوبھی اب ٹیسٹ دینے کی اجازت ملی ہے۔تمام کرکٹرز کے ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد بورڈ کی طرف سے ان کی رپورٹ سامنے لانے کا عندیہ دیاگیاہے۔پی سی بی نے پہلے ہی اعلان کررکھاہے کہ جوکرکٹرز مطلوبہ فٹنس لیول تک نہیں پہنچ پائیں گے، ان کی ماہانہ تنخواہ میں سے پندرہ فی صد کٹوٹی ہوگی۔