دوسراچیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ23تا26جنوری ہوگا

  دوسراچیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ23تا26جنوری ہوگا

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے قومی سطح پر ”دوسراچیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ“ لاہور جمخانہ گولف کلب میں 23 سے 26 جنوری 2020 ء تک کھیلا جائے گا۔چار روز تک جاری رہنے والے اِس ٹورنامنٹ میں پاکستان گولف فیڈریشن سے منسلک گولف کلبز کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ٹورنامنٹ میں انٹری کے لئے آخری تاریخ 22 جنوری2020 ء مقرر کی گئی ہے اور اُسی دِن پریکٹس راؤنڈ بھی کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق امیچورز، سینئر امیچورز،خواتین، ویٹرنز اور انوی ٹیشنل کی کیٹیگریز میں مقابلے ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں امیچورز کے لئے 54 ہولز،سینئر امیچورز اورخواتین کے لئے 36ہولز جبکہ ویٹرنز اور انوی ٹیشنل کے لئے نو نو ہولز کے مقابلے ہوں گے۔قبل ازیں، واپڈا سپورٹس بورڈ دسمبر2018ء میں پہلا چیئرمین واپڈاگولف ٹورنامنٹ منعقد کر چکا ہے۔ قومی ادارے کی حیثیت سے واپڈا پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ گولف کے کھیل کی ترویج میں سرگرم کردار ادا کرنے کے لئے بھی بھر پور کوشش کر رہا ہے۔

چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد پاکستان گولف فیڈریشن سمیت اس کھیل کے فروغ کے لئے کام کرنے والے دیگر سپورٹس گروپس سے وا پڈا کے مضبوط روابط استوار کرنا ہے۔ اِس ٹورنامنٹ کے ذریعے گولف کے شعبے میں موجود نئے ٹیلنٹ کو متعارف کروانے میں بھی مدد ملے گی۔واپڈا گزشتہ نصف صدی سے پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کے لئے بنیادی کردار ادا کررہا ہے۔واپڈا سپورٹس بورڈ نے ملک میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات بھی متعارف کرائے ہیں جن میں واپڈا سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ سرفہرست ہے۔ واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں کے ذریعے کھلاڑیوں کو ملک میں ملازمت کے سب سے زیادہ مواقع حاصل ہیں۔ اس وقت 2ہزار 400سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز کو واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں میں روزگار حاصل ہے۔ واپڈا کی مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 66ٹیمیں ہیں جن میں مردوں کی 37 جبکہ خواتین کی 29ٹیمیں شامل ہیں۔ اس وقت واپڈا 31کھیلوں میں قومی چیمپئن اور 22میں رنرز اَپ ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی