سندھ ہائیکورٹ ،ملک میں آٹے کے بحران پر شیخ رشید اور دیگر کو نوٹسز جاری

سندھ ہائیکورٹ ،ملک میں آٹے کے بحران پر شیخ رشید اور دیگر کو نوٹسز جاری
سندھ ہائیکورٹ ،ملک میں آٹے کے بحران پر شیخ رشید اور دیگر کو نوٹسز جاری

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ ہائیکورٹ میں ملک میں آٹے ،گندم کے بحران،سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی سے متعلق کیس میں پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم ،خسرو بختیار اور وزیر ریلوے شیخ رشید اور دیگر کو نوٹسز جاری کردیئے،عدالت نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ملک میں آٹے،گندم کے بحران،سمگلنگ اورذخیرہ اندوزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، درخواست میں پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم ،خسرو بختیار اور وزیر ریلوے شیخ رشید اور دیگر کو فریق بنایا گیا تھا،عدالت نے درخواستگزار سے استفسار کیاکہ آپ نے شیخ رشید کو فریق کیوں بنایا؟۔

درخواست گزار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے بیان دیاہے کہ غریب نومبر اور دسمبر میں روٹی زیادہ کھاتے ہیں ،جسٹس محمد علی مظہر نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آٹا بحران پر آپ لوگ کیا کررہے ہیں ؟،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ بحران پورے ملک میں ہے سندھ حکومت قا بو پانے کی کوشش کررہی ہے،عدالت نے کہا کہ بین الصوبائی ترسیل پابندی کیوں نہیں لگاتے ؟۔

عدالت نے ملک میں آٹے،گندم کے بحران پر پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم ،خسرو بختیار اور وزیر ریلوے شیخ رشید کو نوٹس جاری کردیئے،عدالت نے سیکرٹری خزانہ چیف سیکرٹری ،ڈی جی نیب سندھ،چیئرمین صوبائی اینٹی کرپشن اوردیگر کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے صوبائی اوروفاقی حکومت سے 7 فروری تک جواب طلب کرلیا۔

مزید : قومی /علاقائی /سندھ /کراچی