”بنگلہ دیش کی ٹیم کمزور ہے اور۔۔۔“ حارث رﺅف نے مخالف ٹیم کو ”للکار“ دیا، خطرناک عزائم ظاہر کر دئیے

”بنگلہ دیش کی ٹیم کمزور ہے اور۔۔۔“ حارث رﺅف نے مخالف ٹیم کو ”للکار“ دیا، ...
”بنگلہ دیش کی ٹیم کمزور ہے اور۔۔۔“ حارث رﺅف نے مخالف ٹیم کو ”للکار“ دیا، خطرناک عزائم ظاہر کر دئیے

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے نو منتخب فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے ٹی 20 سیریز میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو کمزور اور پاکستان کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں قومی ٹیم کی نمائندگی ملنے پر بہت زیادہ خوش ہوں اور اپنی 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

لاہور میں تربیتی کیمپ جوائن کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے حارث رؤف نے بلند عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بگ بیش کیلئے کھیلنا الگ الگ چیزیں ہیں اور ہر لڑکے کا خواب ہوتا ہے کہ پاکستان ٹیم کا ٹریک سوٹ پہنے لیکن اتنی جلدی اس کی تعبیر کا نہیں سوچا تھا، یہ کتنا بڑا اعزاز ہے اب اس کا احساس ہو رہا ہے۔

حارث رؤف نے کہا کہ ٹیپ بال کا پروفیشنل کھلاڑی رہا اور اب ہارڈ بال پروفیشنل کرکٹ شروع کرنے لگا ہوں، قومی ٹیم میں شامل ہونے کے بعد میری کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلوں، ہوم سیریز میں ڈیبیو کرنا میری خوش قسمتی ہے اور کوشش ہے اس سیریز کا بہترین باؤلر بھی بنوں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عاقب جاوید سے بہت کچھ سیکھا اب وقار یونس سے گیند کو ریورس سوئنگ کرنا سیکھ رہا ہوں۔ بگ بیش لیگ میں 150 سپیڈ سے باؤلنگ کی اور مزید تیز باؤلنگ کرنے کی کوشش بھی کرتا ہوں تاہم میرا مقصد زیادہ رفتار حاصل کرنا نہیں بلکہ 140 کی رفتار سے تسلسل سے باؤلنگ کرنا چاہتا ہوں۔

فاسٹ بولر حارث رؤف نے بنگلہ دیش ٹیم کو کمزور ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا اس ٹیم میں کوئی ایسا بلے باز نہیں جس سے خطرہ ہو اس لئے کسی ایک بیٹسمین کا ٹارگٹ نہیں کیا بلکہ سب کو ہی جلد پویلین واپس بھیجنے کی کوشش کریں گے، پاکستانی ٹیم اس سیریز میں فیورٹ ہے۔

مزید : کھیل