”پی ایس ایل کے بہترین کھلاڑیوں کی ٹیم بناﺅ اور آئی پی ایل کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کیساتھ میچ کروا دو، بھارتی ٹیم ہار جائے گی“

”پی ایس ایل کے بہترین کھلاڑیوں کی ٹیم بناﺅ اور آئی پی ایل کے بہترین کھلاڑیوں ...
”پی ایس ایل کے بہترین کھلاڑیوں کی ٹیم بناﺅ اور آئی پی ایل کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کیساتھ میچ کروا دو، بھارتی ٹیم ہار جائے گی“

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر عبدالرزاق نے ایک مرتبہ پھر متنازعہ بیان دے کر بھارتی کرکٹ مداحوں کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہے۔

نجی خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق عبدالرزاق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بنائی جائے اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے بہترین کھلاڑیوں کی ٹیم کیساتھ میچ کروایا جائے تو پی ایس ایل کی ٹیم جیت جائے گی۔

عبدالرزاق کے اس بیان پر بھارتی کرکٹ مداحوں نے تبصروں کا آغاز کیا تو پاکستانی مداح بھی میدان میں آ گئے اور ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا۔ اس سے قبل عبدالرزاق نے بھارتی فاسٹ باﺅلر جسپریت بمرا سے متعلق بیان دیا تھا جس پر بھارتی کرکٹ شائقین خاصے غصہ ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے دور میں جن باﺅلرز کے سامنے کھیلا ہوں، اگر میں آج بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوتا تو جسپریت بمرا کو کھیلنے میں بالکل بھی پریشانی نہ ہوتی اور دباﺅ ان پرہوتا، میں گلین میگراتھ اور وسیم اکرم جیسے باﺅلرز کے سامنے کھیلا ہوں، لہٰذا بمرا میرے سامنے بچہ ہے اور میں آسانی سے اس کی پٹائی کرتا۔

مایہ ناز سابق پاکستانی آل راﺅنڈر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے بارے میں ہی ایسا بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ویرات کوہلی سکور کرتا ہے تو وہ سکور کرتا ہے۔ ہاں وہ بھارتیوں کیلئے ایک اچھا کھلاڑی ہے اور مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھا رہا ہے، لیکن آپ اسے سچن ٹنڈولکر کی کیٹیگری میں نہیں رکھ سکتے کیونکہ لٹل ماسٹر منفرد کیٹیگری سے تعلق رکھتے ہیں۔

مزید : کھیل