چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کے ناموں پر اتفاق رائے جمہوریت کی اہم کامیابی , پنجاب میں آٹے یا گندم کا کوئی بحران نہیں:فردوس عاشق اعوان

چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کے ناموں پر اتفاق رائے جمہوریت کی اہم کامیابی , ...
 چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کے ناموں پر اتفاق رائے جمہوریت کی اہم کامیابی , پنجاب میں آٹے یا گندم کا کوئی بحران نہیں:فردوس عاشق اعوان

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کے ناموں پر اتفاق رائے جمہوریت کی اہم کامیابی ہے،مفاہمتی عمل اسی طرح آگے بڑھے گا اور پارلیمنٹ حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا باعث بنے گی، رانا ثناء اللہ کے ارمان ہمیشہ کی طرح ان کے سینے میں دفن ہوں گے،پرویز الٰہی ہمارے اتحادی تھے اور رہیں گے، پنجاب میں آٹے یا گندم کا کوئی بحران نہیں ہے،چینی بحران یا قیمتوں میں اضافہ بھی پراپیگنڈے کے علاوہ کچھ نہیں،میڈیا تصویر کے دونوں رخ دکھائے،بھارت کا ریاستی دہشت گردی کا چہرہ ہر سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین سرمایہ کاری بورڈزبیر گیلانی کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی کوئی چھوٹا کاروبار شروع کرنا چاہتا تھا تو اسکی راہ میں لائسنس اور این او سی سمیت دیگر رکاوٹیں حائل ہوجاتیں تھی،ماضی کی حکومتوں نے ان رکاوٹوں پر توجہ نہیں دی اور نہ ہی انکو ختم کرنے کے لئے کوئی ٹھوس قدم اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اس معاملے پر نہ صرف نوٹس لیا بلکہ ایک اہم اجلاس منعقد کر کے چھوٹے کاروبار کے آغاز کے لئے 72لائسنس،این اوسی اور دیگر ایسی روکاٹیں ختم کر دیں ہیں۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ سوئٹزرلینڈ کے دوران پاکستان کی معاشی میدان میں ہونے والی کامیابیوں،دنیا کو پاکستان میں سرمایہ کیلئے راغب کرنے،کشمیریوں کے وکیل اور سفیر بن کے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کی تازہ ترین صورتحال سے عالمی برادری کو آگاہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا ریاستی دہشت گردی کا چہرہ ہر سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے،پانچ ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا قتل عام ہورہا ہے،بھارت کے اندر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی نسل کشی کے ساتھ ساتھ آر ایس ایس کے نظریے کو فروغ دیا جارہا ہے۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کے ناموں پر اتفاق کیا ہے، یہ اس بات کی عکاسی ہے کہ ملککے اندر پارلیمنٹ نے اپنا جمہوری اور حقیقی کردار ادا کرکے عوام کے مفاد میں باہمی مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے کا عملی مظاہرہ کیا ہے، پارلیمانی کمیٹی چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لئے جس نام پر متفقہ ہوئے ہیں، وہ اس ادارے کی ساکھ کو بحال کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا بھی یہ ہی وژن ہے کہ ادارے آزاد اور با اختیار ہوں، امید ہے کہ یہ مفاہمتی عمل عوام کو ریلیف دینے کے لئے ایسے ہی آگے بڑھتا رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آزاد و جموں کشمیر میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر وزیراعظم عمران خان اپنی تمام تر مصروفیات ترک کر کے متاثرہ لوگوں کے درمیان گئے اور آزاد کشمیر میں مخالف جماعت کی حکومت ہونے کے باوجود متاثرین کی مدد،بحالی کے لئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،وزیراعظم کی ہی ہدایات پر این ڈی ایم اے ریلیف اور ریسکیو کے کاموں میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اس تناظر میں بیرسٹر سلطان چوہدری کو بھی بلایا کیونکہ ان کے حلقے میں بھی بارشوں اور برفباری سے نقصانات ہوئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ افراط رز کے ساتھ جڑا عمل درآمد صوبائی معاملہ ہے،وفاق ایڈوائس تو کر سکتا ہے لیکن زبردستی عمل نہیں کراسکتا، وزیر  اعظم عمران خان کی مافیا،گرانفروشوں اور مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف جنگ آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے،اس حوالے سے ہر چیزکو باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں اور عزائم سے بھی آگاہ ہیں،چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر بحرانی کیفیت کی جو تصویر دکھائی جارہی ہے، ایسی صورتحال ہر گز نہیں ہے،گندم یا آٹے کی قلت نہیں ہے جہاں پر کنٹرول ریٹس پر آٹا فروخت کرنے والے پوائنٹس ہیں، میڈیا ان کو بھی اجاگر کرے جہاں جہاں طلب اور رسد میں فرق نظر آرہا ہے وہاں ہنگامی بنیادوں پر سپلائی یقینی بنائی جارہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام اور اتحادی جماعتیں کسی کے ورغلانے میں نہیں آئیں گے،جو لوگ عوام کو اس مشکل میں ڈال کر خود پرفضاء مقامات کی سیاحت میں مصروف ہیں انہی لوگوں نے ملک کو اس مقام پر لاکھڑا کیا تھا۔ایک اور  سوال کے جواب میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چینی بحران یا قیمتوں میں اضافہ بھی پراپیگنڈے کے علاوہ کچھ نہیں ہے، اگر کسی کے پاس بحران پیداکرنے کے ذمہ داروں کے حوالے سے شواہد ہیں تو بتائیں حکومت ضرور کارروائی کریگی۔

مزید : قومی