یو ای ٹی کے طالب علموں کا منفرد کارنامہ’’وائس کنٹرول کار‘‘تیار کر کے سب کو حیران کر دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)یونیورسٹی آف انجیئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کالا شاہ کاکو کیمپس کے ہونہار طالب علموں نے وائس کنٹرولڈ روبوٹ کار(کھلونا نما گاڑی) تیار کر کے اپنی فنی قابلیت کا لوہا منوا لیا ،نوجوان طالب علموں کی محنت اور لگن سے تیار کردہ ’گاڑی‘ دیکھ کر سب ہی ششدر رہ گئے،یہ گاڑی انسانی آواز سے کنٹرول ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجیئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کالا شاہ کاکو کیمپس کے طالب علموں سعد خان ،عاقب احمد ،آغا نور اور احمد ظہور پر مشتمل چار رکنی ٹیم نے یونیورسٹی میں اپنے استاد رافع چغتائی کی زیر نگرانی سمسٹر پروجیکٹ میں ’’وائس کنٹرولڈ کار‘‘ تیار کی ہے جو آواز کے کنٹرول سے چلتی ہے،انسا کنٹرول کار انسانی آواز پر حرکت کرتے ہوئے آگے پیچھے آتی جاتی ہے جبکہ دائیں بائیں مڑ بھی سکتی ہے۔انسا کنٹرول کار لانگ ٹرم بیٹری کے ساتھ تیار کی جانے والی پاکستانی طالب علموں کی منفرد ایجاد ہے۔اس سلسلہ میں گفتگو کرتے ہوئے طالب علم سعد خان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے کورس کا سیمسٹر پروجیکٹ ہے، جس کا نام ہم نے ’’انسا کنٹرول سسٹم‘‘ رکھا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ایک وائس کنٹرولڈ روبوٹ کار ہے جسے آواز سے کنٹرول کیا جاتا ہے،ہمارے اس پراجیکٹ کی تکمیل میں ہمارے استاد سر رافع چغتائی نے بھرپور سرپرستی کی ہے جبکہ میرے ساتھی طالب علموں عاقب ،آغا نور اور احمد ظہور نے ایک ٹیم کے طور پر بھر پور محنت کی ہے ،ہمیں یقین ہے کہ ہم مستقبل میں سائنس و ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنے وطن کا نام روشن کریں گے۔