وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر سے اہم ترین ملاقات ،ڈونلڈٹرمپ نے کشمیر کے حوالے سے پھر بڑی بات کہہ دی
ڈیووس(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال سمیت مسئلہ کشمیر پر بات چیت کی گئی ۔تفصیل کے مطابقورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم عمران خان کچھ دیر پہلے ڈیووس پہنچے جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وفود کی شکل میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کردار ادا کرسکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، ہم پاکستان کے اتنے قریب نہیں تھے، جتنے اب ہیں، عمران خان میرے دوست ہیں، دوبارہ ملاقات پر خوشی ہورہی ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے ساتھ افغانستان کی صورتحال پر بات ہوگی، افغانستان کے معاملے پر امریکا اور پاکستان ایک صفحے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن واستحکام کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔