بلاامتیازاحتساب سے ہی ملک عملی طورپرآگے بڑھ سکتاہے:سینیٹرعبدالقیوم

بلاامتیازاحتساب سے ہی ملک عملی طورپرآگے بڑھ سکتاہے:سینیٹرعبدالقیوم
بلاامتیازاحتساب سے ہی ملک عملی طورپرآگے بڑھ سکتاہے:سینیٹرعبدالقیوم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(این این آئی) سینٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی دفاع کے چیئرمین اور پاک ایران پارلیمنٹری فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین لیفٹنٹ جنرل (ر) سنیٹرعبد ا لقیوم نے کہا ہے کہ ملک حقیقی معنوں میں آگے تب بڑھ سکتا ہے جب ملک میں انصاف پر مبنی احتساب کاشفاف نظام رائج ہو اور سب کا یکساں اور بے لاگ احتساب ہورہا ہو۔

 پشاور پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2013میں ملک بدترین دہشت گردی کا شکار تھا،نواز شریف نے جب حکومت سنبھالی تو ملک میں توانائی کا بحران عروج پر تھا،سی این جی اسٹیشنز پر لوگوں کی قطاریں لگی ہوتی تھیں لیکن مشکل حالات کے باوجود نواز شریف کی حکومت نے چیلنجز کا مقابلہ کیا اور جب مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنا دورانیہ مکمل کیا تو ملک میں توانائی کا بحران ختم ہوچکا تھا، ڈیڑھ ہزار کلومیٹر موٹرویز مکمل ہوچکے تھے ، پیٹرولیم کی قیمتیں کم ترین سطح پر تھیں لیکن ہمارے بعد آنے والی حکومت نے اپنی ناقص حکمرانی سے پہلے ہی سال 15لاکھ لوگوں کو بیروزگار کیا جس کے نتیجے میں تقریبا 50لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے۔

لیفٹنٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے کہا کہ حکومت نے معاشی مسائل پر توجہ دینے کی بجائے اپنے سیاسی مخالفین کو کچلنے پر زیادہ توجہ دیا اور احتساب کے نام پر اپنے مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا۔انہوں نے ملکی سیاسی صورتحال کا زکر کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی جماعتوں میں جمہوریت کی کمی ہے،سیاستدان اپنے قیادت کے سامنے آواز بلند کرنے کی جرات بھی نہیں کرتے،سیاسی جماعتیں اپنے موقف پر ڈٹ جانے کے بجائے ایک آہٹ پر بھکر جاتے ہیں۔انہوں نے حکمرانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپکے ہاتھ میں اقتدار ایک امانت ہے جس کا آپ نے حساب دینا ہوتا ہے۔ انہوں نے کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، لیکن ہماری حکومت عالمی سطح پر ابھی تک بھارت کے خلاف رائے عامہ ہموار نہیں کرسکا۔