کورونا وائرس کا شکار ہونے کے خوف سے ہسپتال سے ’بھاگنے‘ والے 27 سالہ جوان کی موت ہوگئی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں سینے کی تکلیف کے ساتھ ہسپتال آنے اور کورونا لاحق ہونے کے خوف سے علاج کروائے بغیر گھر چلا جانے والے نوجوان کی موت واقع ہو گئی۔میل آن لائن کے مطابق برطانوی شہر گلڈفورڈ کے رہائشی اس 27سالہ نوجوان کا نام ڈیوڈ وارنر تھا جو سینے میں شدید تکلیف کی وجہ سے اے اینڈ ای میں داخل کیا گیا تھا۔ اسے ویٹنگ میں کورونا وارڈ میں رکھا گیا تھا جہاں اسے کورونا وائرس میں ہونے کا خوف لاحق ہو گیا اور وہ علاج کروائے بغیر ہی گھر چلا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ کی 21سالہ شریک حیات وکی جونز کا کہناتھا کہ ہسپتال سے واپس آنے کے چند دن بعد میں کچن میں تھی اور ڈیوڈ لیونگ روم میں بیٹھا تھا۔ کچھ دیر بعد جب میں اس کے پاس آئی تو اس کی موت واقع ہو چکی تھی اور وہ صوفے پر ہی مردہ حالت میں پڑا تھا۔ ہسپتال سے آنے کے بعد ہم نے اس کا کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جوکہ منفی آیا تھا۔ واضح رہے کہ ڈیوڈ اور وکی جونز کے دو بچے ہیں۔ ان کی چھوٹی بیٹی ایوی ابھی 6ماہ کی ہے۔