’مالکان کا میرے ساتھ رویہ فیملی ممبر جیسا، ویڈیو کا مقصد تضحیک نہیں تھا، ملازمت جاری رکھوں گا‘ کنولی کے منیجر کا بیان سامنے آگیا

’مالکان کا میرے ساتھ رویہ فیملی ممبر جیسا، ویڈیو کا مقصد تضحیک نہیں تھا، ...
’مالکان کا میرے ساتھ رویہ فیملی ممبر جیسا، ویڈیو کا مقصد تضحیک نہیں تھا، ملازمت جاری رکھوں گا‘ کنولی کے منیجر کا بیان سامنے آگیا
سورس: Screen Grab

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اپنی مالکن کے مذاق کا نشانہ بننے والے کنولی ریسٹورنٹ اسلام آباد کے منیجر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک مزاحیہ ویڈیو بنائی تھی جس کا مقصد تضحیک نہیں تھا ، اگر ان کی میڈم کو یہ اندازہ ہوتا کہ معاملہ اس حد تک خراب ہوجائے گا تو وہ یہ ویڈیو اپ لوڈ ہی نہ کرتیں، وہ 10 سال سے ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔

یوٹیوب چینل ’لمحہ نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے کنولی کے منیجر اویس نے کہا کہ انہوں نے اپنی مالکن کے ساتھ مل کر مزاح پر مبنی ویڈیو بنائی تھی، اس میں ایسی کوئی بات نہیں تھی کہ انگریزی نہ بول سکنے پر مذاق اڑایا جائے یا میری دل آزاری کی جائے۔ ویڈیو میں وہ کنفیوژ اس لیے نظر آرہے ہیں کیونکہ میڈم نے اچانک انٹرویو لیا۔ 

انہوں نے کہا کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سب لوگوں نے انہیں سپورٹ کیا ہے، لوگوں کی فون کالز بھی آئیں، سب لوگوں کو بتایا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ ہمیں تو پتہ ہی نہیں تھا ، صبح اٹھ کر موبائل دیکھا تو لوگوں نے لنک بھیجے ہوئے تھے جس سے پتہ چلا کہ معاملہ زیادہ خراب ہوگیا ہے، اگر مالکن کو اس بات کا اندازہ ہوتا تو وہ کبھی بھی اس کو اپ لوڈ نہ کرتیں۔

اویس نے بتایا کہ انہیں کنولی میں 10 سال ہوگئے ہیں ، وہ یہاں سب سے پرانے ہیں اس لیے ان کے ساتھ مالکان کا فیملی ممبر کی طرح کا رویہ ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں نوکری کی پیشکش ہوئی ہے لیکن 10 سال سے وہ یہاں ایمانداری کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔

کنولی کے منیجر کا انگریزی کے حوالے سے کہنا تھا کہ اردو ہماری مادری زبان ہے لیکن وہ انگریزی اس حد تک بول لیتے ہیں کہ گاہکوں کو ڈیل کرسکیں، ان کے ریسٹورنٹ میں ایلیٹ کلاس کے لوگ آتے ہیں ، اگر کوئی ان کے ساتھ انگریزی میں بات کرے بھی تو انہیں سمجھ آجاتی ہے اور کبھی کسی گاہک کو ان سے مسئلہ نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں کنولی ریسٹورنٹ اسلام آباد کی مالکن کو اپنے منیجر کی کمزور انگریزی کا مذاق اڑاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ مذکورہ ویڈیو جنگل میں آگ کی طرح سوشل میڈیا پر پھیلی جس کے بعد مذاق اڑانے والی خاتون کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ٹوئٹر پر پائیکاٹ کنولی کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد ریسٹورنٹ انتظامیہ نے اپنے ایکشن پر معافی بھی مانگی ہے۔