رانا شمیم نے عدلیہ کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی ، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے توہین عدالت کی اور عدلیہ کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی ۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جب تک عدلیہ آزاد نہیں ہو گی تب تک جمہوریت کا تحفظ نہیں کیا جا سکتا ، تنقید برائے تنقید سے مایوسی پھیلتی ہے ، ہم نے جب 2018 میں حکومت سنبھالی تھی اس وقت معیشت بری حالت میں تھی ، اب معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب جی ڈی پی 5 فیصد ہونے کی بات آتی ہے اپوزیشن کو سانپ سونگھ جاتا ہے ، اپوزیشن جتنے جتن کر لے ہم پریشان نہیں بلکہ ان کی صفوں میں کھلبلی مچی ہے ، کورونا وباء کے باوجود پاکستان کی معیشت نے ترقی کی جس کے معترف عالمی ادارے بھی ہیں ۔