لاہور(کر ائم رپو رٹر)لاہور پولیس نے شہر بھر میں گداگری کی آڑ میں چھپے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے چودہ روزہ آپریشن کے دوران736 بھکاریوں کو گرفتار کر لیاجن میں 701 مرد اور 31 خواتین شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 4 سہولت کار بھی دھر لیے گئے جو منظم گروہوں کی پشت پناہی کر رہے تھے فیصل کامران نے بتایا کہ کئی گرفتار بھکاری درحقیقت منشیات کے عادی تھے جو بھیک کے پردے میں منشیات فروشی جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ پولیس نے ان افراد کو جیل بھجوانے کیساتھ ساتھ انکے نیٹ ورک سے متعلق ڈیٹا بھی اکٹھا کرنا شروع کر دیا تاکہ ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے شہر میں بھکاریوں کے نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے خفیہ ٹیمیں متحرک ہیں جبکہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے اہم مقامات، سگنلز اور بازاروں میں مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے گداگری نہ صرف ایک سماجی لعنت ہے بلکہ یہ منشیات فروشی، چوری اور دیگر سنگین جرائم کا ذریعہ بھی بن رہی ہے۔بھیک دینا جرم کو فروغ دیتا ہے اور اس لعنت کے خاتمے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں پر بھکاریوں کو پیسے دینے کے بجائے اصل مستحقین کی مدد کریں اور گداگری کے دھندے میں ملوث عناصر کی فوری اطلاع 15 پر دیں۔