پالپا نے پائلٹس کی تنخواہوں میں فوری اضافے کا مطالبہ کردیا

Jan 21, 2025 | 11:30 AM

کراچی (آئی این پی) قومی ایئر لائن کے پائلٹس کی تنظیم پالپا نے پائلٹس کی تنخواہوں میں فوری اضافے کا مطالبہ کردیا۔

پالپا کے جنرل سیکریٹری کیپٹن عمران ناریجو نے سی ای او قومی ایئر لائن کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پائلٹس کی تنخواہوں میں 2016 سے اضافہ نہیں کیا گیا، کم تنخواہوں کے باعث قومی ایئر لائنز کے پائلٹس دیگر ایئر لائنز کو جوائن کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن سے پائلٹس کا دیگر ایئر لائنز میں جانا قومی ایئر لائن کے لیے بڑا نقصان ہے۔

پالپا مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملکی نجی ایئر لائنز اپنے پائلٹس کو بہتر تنخواہ اور دیگر مراعات کی پیشکش کر رہی ہیں، اب یورپی ملکوں میں بھی قومی ایئر لائن کی پروازوں کی بحالی ہوچکی ہے، موجودہ صورتحال کے پیش نظر پائلٹس کی تنخواہوں فی الفور اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کے پائلٹس کی تنخواہوں کو بڑھا کر مارکیٹ بیسڈ کیا جائے، موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر بڑھتے ٹیکسز، مہنگائی کو مدنظر رکھ کر تنخواہوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔کیپٹن عمران ناریجو نے کہا کہ پائلٹس کی تنخواہوں میں اضافے سے ان کی کارکردگی و پیشہ وارانہ امور پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

مزیدخبریں