ڈیرہ غازی خان ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے کہا ہے کہ خواتین کو جائیداد اور فیملی معاملات میں ان کے حقوق دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ قانون کے تحت خواتین کے حق سے محروم کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، اور ڈپٹی کمشنرز اور پولیس کے ذریعے جائیداد کا قبضہ دلایا جائے گا۔
ریجنل آفس ڈیرہ غازی خان میں کیسز کی سماعت کے دوران نبیلہ حاکم نے کہا کہ توہین عدالت کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی۔ ریجنل آفس میں 300 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 80 فیصد جائیداد کی تقسیم سے متعلق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو لاہور بلانے کی بجائے ان کے قریب انصاف فراہم کیا جا رہا ہے، اور جلد ضلعی سطح پر کیسز کی سماعت کا آغاز کیا جائے گا۔ جائے ملازمت پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جاتی ہے، اور کیسز کا فیصلہ 60 روز کے اندر کیا جاتا ہے۔
نبیلہ حاکم علی خان نے خواتین کو معاشی استحکام اور تحفظ کی فراہمی کو اپنی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ مفت اور فوری انصاف یقینی بنایا جا رہا ہے۔