اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں بحالی اور تعمیر نو کے عمل کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرےگا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں بہت خونریزی کے بعد جنگ بندی ہوئی، 50 ہزارسے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں شہید ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، غزہ میں بحالی اور تعمیر نو کے عمل کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرےگا۔
ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہا تھا کہ قتل و غارت کا بازار گرم کرنے والے پاکستان کے صریحاً دشمن ہیں، ملک دشمن نہیں چاہتے گوادر بندرگاہ فعال ہو، گوادر ایئر پورٹ سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری کا فیصلہ کیا ہے،آئی ٹی ایکسپورٹس میں بتدریج اضافہ خوش آئند ہے۔