ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دوست ایلون مسک کو کونسا عہدہ دیں گے ؟پتا چل گیا  

Jan 21, 2025 | 03:15 PM

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے فوراً بعد امیگریشن، ماحولیات اور ٹک ٹاک سے لے کر متعدد شعبوں سے متعلق ایگزیکٹیو حکمنامے اور ہدایت نامے جاری کر دیے ہیں۔

بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے ایک ایسے ہدایت نامے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت ’ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشیئنسی‘ تخلیق کیا جائے گا۔ اس ادارے کا مقصد حکومت کی کارکردگی کو بہتر اور مؤثر بنانا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس کی قیادت ایلون مسک کریں گے۔ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ایلون مسک کو اس نئی ایجنسی کے قیام کے بعد تقریباً 20 ملازمین اور نیا دفتر ملے گا۔

اسی طرح ٹرمپ نے وفاقی سطح پر نئی سرکاری بھرتیوں کو روکنے سے متعلق ہدایت نامے پر دستخط کیے ہیں اور اس پابندی کا اطلاق اس وقت تک رہے گا جب تک ٹرمپ انتظامیہ حکومت پر مکمل کنٹرول حاصل نہ کر لے۔ تاہم امریکی فوج میں بھرتیوں کو اس سے استثنی ہو گا۔اس طرح ٹرمپ نے ایک اور دستاویز پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت وفاق حکومت کے ملازمین کو ورک فرام ہوم یعنی گھروں سے کام کرنے کے بجائے آفس آ کر کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ’آزادی اظہار کی بحالی اور حکومتی سنسرشپ کو روکنے‘ کے لیے بھی ایک حکمنامہ جاری کیا ہے۔ اس حکمنامے کی زیادہ تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔حکمنامے میں اٹارنی جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گذشتہ انتظامیہ کے دور میں محکمہ انصاف، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور فیڈرل ٹریڈ کمیشن جیسی ایجنسیوں کے اہلکاروں کی سرگرمیوں کی چھان بین کرے۔

نئے امریکی صدر کی جانب سے ایک ہدایت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں جس کا مقصد ’سیاسی مخالفین کے خلاف حکومت کو بطور ہتھیار استعمال‘ روکنے کی کوشش ہے۔ فوری طور پر اس ہدایت نامے کے متعلق تفصیلات دستیاب نہیں۔

مزیدخبریں