پشاور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ کمیشن بننے پر ہی مذاکرات کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر کمیشن بنانے کا مطالبہ ہے، جب تک مطالبات نہیں مانے جاتے، اس وقت تک مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک بار پھر 14 سال قید کی سزا دی گئی، بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں ان کو بھی سزا ہوئی، القادر ٹرسٹ کیس میں حکومت کو کوئی نقصان ہی نہیں ہوا، یہ کیس عدالت میں اڑ جائے گا، عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کسی صورت ڈیل نہیں کریں گے، پاکستان میں اعتماد کا فقدان ہے، عمران خان جس دن جیل سے باہر آئیں گے سرمایہ کاری شروع ہوگی۔
قبل ازیں پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید کی حفاظتی ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کر دی۔عدالت نے وفاقی حکومت سے مقدمات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی ۔