ترکیہ کے اسکی ریزورٹ میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 66 ہو گئی، انتہائی افسوسناک تفصیلات سامنے آگئیں

Jan 21, 2025 | 06:11 PM

استنبول (ڈیلی پاکستان آن لائن)  ترکیہ کے شمال مغرب میں واقع ایک اسکی ریزورٹ کے ہوٹل میں لگنے والی آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 66 ہو گئی ہے۔ وزیر داخلہ علی یرلیکایا کے مطابق یہ واقعہ منگل کی صبح پیش آیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد  ہوٹل میں موجود مہمانوں نے رسوں کے ذریعے بچنے کی کوشش کی، جبکہ کچھ افراد نے اپنی جان بچانے کے لیے کھڑکیوں سے چھلانگ لگا دی۔ فوٹیج میں ہوٹل کی کھڑکیوں سے لٹکتی چادریں دیکھی جا سکتی ہیں۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ افراد ان ہی کوششوں میں جاں بحق ہوئے۔آگ کارتالکایا ریزورٹ میں واقع 12 منزلہ گرینڈ کارتال ہوٹل میں صبح 3:27 بجے لگی ۔ ہوٹل کی لکڑی کی بناوٹ کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔

وزیر داخلہ کے مطابق آگ میں 66 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 51 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ہوٹل میں اس وقت 238 مہمان موجود تھے۔ یہ لوگ سکولوں کی سردیوں کی دو ہفتوں کی  تعطیلات کی وجہ سے یہاں قیام پذیر تھے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق  آگ ہوٹل کے ریستوران سے شروع ہوئی لیکن اس کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ صدر رجب طیب اردوان نے انقرہ میں اپنی پارٹی کے اجلاس کو مختصر کرتے ہوئے کہا، "ہمارا درد بہت بڑا ہے، ہمارا دکھ عظیم ہے۔" انہوں نے وعدہ کیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ایک زندہ بچ جانے والے  شخص نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ آگ لگنے کے وقت ہوٹل میں کوئی الارم نہیں بجا اور نہ ہی حفاظتی اقدامات موجود تھے۔انصاف کے وزیر یلماز تونچ کے مطابق  واقعے کی تحقیقات کے لیے چھ پراسیکیوٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔ متاثرہ مہمانوں کو قریبی ہوٹلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں